او آئی سی سی آئی نمائندوں کی آئی ایم ایف وفد سے ملاقات، غیر ملکی سرمایہ کاروں کا تحفظ اور ٹیکس دائرہ وسیع کرنے کا مطالبہ
- او آئی سی سی آئی نے ضابطہ کاری اور تعمیلی بوجھ کم کرنے، سرمایہ کاروں کے تحفظ کو مضبوط بنانے اور وفاقی و صوبائی حکام کے درمیان بہتر رابطہ کاری پر زور دیا۔
اوورسیز انویسٹرز چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (او آئی سی سی آئی)، جو پاکستان میں کام کرنے والے غیر ملکی سرمایہ کاروں کی نمائندگی کرتا ہے، نے پائیدار معاشی ترقی کے لیے کم ٹیکس والے شعبوں کو ٹیکس دائرے میں لانے، ضابطہ کاری اور تعمیلی بوجھ کم کرنے، سرمایہ کاروں کے تحفظ کو مضبوط بنانے اور وفاقی و صوبائی حکام کے درمیان بہتر اور واضح رابطہ کاری کا مطالبہ کیا ہے۔
عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے وفد کے ساتھ ملاقات کے دوران او آئی سی سی آئی کے نمائندوں نے پاکستان پر زور دیا کہ میکرو اکنامک استحکام سے حاصل ہونے والے فوائد کو نجی سرمایہ کاری، برآمدات، توانائی کے تحفظ اور ساختی اصلاحات میں تیزی لانے کے لیے استعمال کیا جائے۔
آئی ایم ایف کے مشرق وسطیٰ اور وسطی ایشیا ڈپارٹمنٹ کی مشیر ایوا پیٹرووا اور آئی ایم ایف کے ریزیڈنٹ نمائندے ماہر بنجی نے جمعرات کو چیمبر میں او آئی سی سی آئی کی اعلیٰ قیادت اور رکن کثیر القومی کمپنیوں کے نمائندوں سے ملاقات کی۔
او آئی سی سی آئی کے مطابق ملاقات کے دوران چیمبر کے نمائندوں نے پاکستان کی بیرونی پوزیشن اور خودمختار کریڈٹ پروفائل میں بہتری کے باوجود براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری (ایف ڈی آئی) میں کمی کی نشاندہی کی۔ انہوں نے بتایا کہ مالی سال 2026 میں خالص ایف ڈی آئی تقریباً 32 فیصد کم ہوکر 1.7 ارب ڈالر رہ گئی۔
او آئی سی سی آئی نے ضابطہ کاری اور تعمیلی بوجھ کم کرنے، سرمایہ کاروں کے تحفظ کو مضبوط بنانے اور وفاقی و صوبائی حکام کے درمیان بہتر رابطہ کاری پر زور دیا۔ چیمبر نے اس بات پر بھی زور دیا کہ مقامی صنعت کو پاکستان میں دوبارہ سرمایہ کاری کے ذریعے قیادت کرنی چاہیے، کیونکہ غیر ملکی سرمایہ کار مقامی کاروباری اداروں کے اعتماد اور رویے کو بھی مدنظر رکھتے ہیں۔
مشرق وسطیٰ کے تنازع سے منسلک تیل کی بلند قیمتوں کے تناظر میں او آئی سی سی آئی نے فوری طور پر توانائی کے تحفظ کے اقدامات اور درمیانی مدت میں توانائی کے شعبے میں خودکفالت بڑھانے کے منصوبے کا مطالبہ کیا۔ چیمبر نے بجلی، گیس اور پٹرولیم پر مشتمل جامع توانائی تحفظ حکمت عملی پر زور دیتے ہوئے خطے میں توانائی کی بلند لاگت، گردشی قرضے، ریفائننگ میں سرمایہ کاری کی ضرورت اور علاقائی توانائی تعاون کے مواقع کی نشاندہی کی۔
بیرونی شعبے کے حوالے سے او آئی سی سی آئی نے کہا کہ پاکستان زرمبادلہ کمانے کی صلاحیت میں اضافہ کیے بغیر بلند شرح نمو برقرار نہیں رکھ سکتا۔ چیمبر نے مسابقت اور پیداواری صلاحیت بڑھانے، برآمدی شعبوں کو مضبوط بنانے، اہم منڈیوں کے ساتھ تجارت اور سرمایہ کاری کے روابط گہرے کرنے اور تجارتی بنیادوں پر ممکنہ علاقائی تجارت بڑھانے کا مطالبہ کیا۔
ساختی اصلاحات کے حوالے سے چیمبر نے سرکاری اداروں کی اصلاحات میں تیزی لانے اور جہاں ریاستی ملکیت کا کوئی مضبوط پالیسی جواز موجود نہیں وہاں قابل اعتماد نجکاری پر زور دیا۔ او آئی سی سی آئی نے پالیسی سازی، ریگولیشن، سہولت کاری اور تجارتی آپریٹر کے طور پر ریاست کے کردار الگ کرنے کا بھی مطالبہ کیا تاکہ نجی شعبے کی سرمایہ کاری اور مسابقت کے لیے زیادہ گنجائش پیدا ہوسکے۔
چیمبر نے مزید مطالبہ کیا کہ زراعت، رئیل اسٹیٹ، چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار اور ریٹیل سمیت کم ٹیکس والے شعبوں کو ٹیکس دائرے میں لایا جائے، بجائے اس کے کہ بار بار دستاویزی کاروباروں پر ٹیکس کا بوجھ بڑھایا جائے۔
کاپی رائٹ بزنس ریکارڈر، 2026