جاپانی وزیراعظم کی ٹرمپ سے چین کے معاملے پر بات چیت
- شی جن پنگ ٹرمپ سے ملاقات میں تائیوان کو امریکی ہتھیاروں کی فروخت روکنے پر زور دے سکتے ہیں
جاپان کی وزیراعظم سانائے تاکائچی نے بدھ کو کہا ہے کہ انہوں نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے چینی صدر شی جن پنگ کے ساتھ ہونے والی مجوزہ ملاقات سے قبل چین کے معاملے پر بروقت اور اہم گفتگو کی ہے۔
اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے موقع پر نیویارک میں ٹرمپ سے ملاقات کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے تاکائچی نے کہا کہ جاپان سمجھتا ہے کہ امریکا اور چین کے تعلقات جاپان سمیت عالمی برادری کے استحکام میں کردار ادا کریں۔
انہوں نے ٹرمپ کے ساتھ چین کے حوالے سے ہونے والی گفتگو کی تفصیلات نہیں بتائیں۔ جاپان اور ایشیا میں امریکا کے دیگر اتحادیوں کو خدشہ ہے کہ ٹرمپ، شی جن پنگ کے ساتھ کسی اقتصادی معاہدے کے بدلے تائیوان کے لیے واشنگٹن کی حمایت میں کمی کرسکتے ہیں۔
ذرائع کے مطابق شی جن پنگ ٹرمپ سے ملاقات میں تائیوان کو امریکی ہتھیاروں کی فروخت روکنے پر زور دے سکتے ہیں۔ بیجنگ تائیوان کو اپنا حصہ سمجھتا ہے اور جزیرے کے گرد فوجی سرگرمیاں بڑھا رہا ہے۔ جاپان بھی تائیوان کے قریب واقع ہے۔