✕
دنیا

مقبوضہ مغربی کنارے میں اسرائیلی فوج کی فائرنگ، 2 فلسطینی نوجوان شہید

  • فلسطینی ہلال احمر کے مطابق دونوں نوجوان شدید زخمی ہوئے اور بعد ازاں رام اللہ کے 2 اسپتالوں میں دم توڑ گئے۔
شائع اپ ڈیٹ

مقبوضہ مغربی کنارے میں اسرائیلی فوج نے بدھ کی شب فائرنگ کرکے 2 فلسطینی نوجوانوں کو شہید کردیا۔

فلسطینی وزارت صحت کے مطابق 19 سالہ عمر محمد ناجی النسان اور 16 سالہ خلیل راسم خلیل شہادہ کو وسطی مغربی کنارے میں رام اللہ کے شمال مشرق میں واقع گاؤں المغیر میں اسرائیلی فوج نے گولیاں مار کر قتل کیا۔

گاؤں کی کونسل کے سربراہ امین ابو علیا نے خبر رساں ادارے اے ایف پی کو بتایا کہ اسرائیلی آبادکاروں نے گاؤں کے 2 گھروں سے بھیڑیں چرانے کی کوشش کی، جس کے بعد جھڑپ ہوئی۔ ان کے مطابق اسرائیلی فوج نے گاؤں کا محاصرہ کرکے مرکز میں دھاوا بول دیا اور عمارتوں میں سنائپرز تعینات کیے، جنہوں نے آبادکاروں کی مزاحمت کرنے والے رہائشیوں پر براہ راست فائرنگ کی۔

دوسری جانب اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ اس نے علاقے میں موجود اسرائیلی شہریوں کے مویشی واپس کرنے کے لیے گاؤں کا داخلی راستہ محفوظ بنایا تھا۔ فوج کے مطابق کارروائی کے دوران پرتشدد ہنگامہ ہوا اور مظاہرین نے فوجیوں پر پتھر اور کنکریٹ کے بلاکس پھینکے، جس کے جواب میں فوج نے ہنگامہ آرائی کرنے والوں پر فائرنگ کی۔

فلسطینی ہلال احمر کے مطابق دونوں نوجوان شدید زخمی ہوئے اور بعد ازاں رام اللہ کے 2 اسپتالوں میں دم توڑ گئے۔

غزہ جنگ کے آغاز کے بعد سے مقبوضہ مغربی کنارے میں تشدد میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔ اے ایف پی کے مطابق اب تک کم از کم 1,105 فلسطینی اسرائیلی فوجیوں یا آبادکاروں کی فائرنگ سے شہید ہوچکے ہیں۔