✕
مارکٹس

مشرق وسطیٰ میں کشیدگی، سونے کی قیمت 3 ہفتوں کی کم ترین سطح پر آگئی

  • اسپاٹ گولڈ کی قیمت 0.6 فیصد کمی کے بعد 4,304.01 ڈالر فی اونس رہی
شائع اپ ڈیٹ

عالمی مارکیٹ میں بدھ کو سونے کی قیمت 3 ہفتوں سے زائد کی کم ترین سطح پر آگئی۔ مشرق وسطیٰ میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے باعث تیل کی قیمتوں میں اضافے اور افراط زر و شرح سود میں اضافے کے خدشات نے سونے کی طلب کو متاثر کیا، جبکہ سرمایہ کار امریکی روزگار کے اعدادوشمار کے منتظر ہیں۔

اسپاٹ گولڈ کی قیمت 0.6 فیصد کمی کے بعد 4,304.01 ڈالر فی اونس رہی، جو 7 اگست کے بعد کم ترین سطح ہے۔ سونے کی قیمت مسلسل چوتھے کاروباری سیشن میں کمی کی جانب گامزن ہے اور 200 روزہ موونگ ایوریج سے بھی نیچے رہی، جسے مارکیٹ میں ایک اہم تکنیکی سطح سمجھا جاتا ہے۔

امریکی گولڈ فیوچرز دسمبر ڈیلیوری 1 فیصد کمی سے 4,350.80 ڈالر فی اونس ہوگئے۔ امریکی ڈالر کی قدر مستحکم رہی، جس کے باعث دیگر کرنسیوں میں خریداری کرنے والوں کے لیے ڈالر میں قیمت والے دھاتوں کی لاگت بڑھ گئی۔

امریکا کی جانب سے منگل کو ایران پر فضائی حملوں اور ایرانی جوابی کارروائی کے بعد دونوں ممالک کے درمیان کئی ہفتوں کی شدید ترین کشیدگی پیدا ہوئی ہے۔ اس دوران تیل کی قیمتیں مسلسل تیسرے سیشن میں بڑھیں جبکہ امریکی ٹریژری ییلڈز بھی بلند ہوئیں۔

ڈی ایچ ایف کیپٹل ایس۔اے۔ کے چیف ایگزیکٹو اور اثاثہ مینیجر باس کوئجمن کے مطابق امریکا ایران کشیدگی کے بعد تیل کی قیمتوں میں اضافے نے افراط زر کے خدشات بڑھا دیے ہیں، جبکہ مہنگا خام تیل مالیاتی پالیسی سخت ہونے اور ییلڈز میں اضافے کا باعث بن سکتا ہے، جس سے سونے کی قیمت پر دباؤ برقرار رہے گا۔

مارکیٹ میں رواں ماہ امریکی فیڈرل ریزرو کی جانب سے شرح سود بڑھانے کے 67 فیصد امکانات ظاہر کیے جا رہے ہیں۔

دوسری جانب آج امریکی اے ڈی پی روزگار رپورٹ جبکہ جمعہ کو نان فارم پے رولز کے اہم اعدادوشمار جاری ہوں گے۔ ماہرین کے مطابق کمزور اعدادوشمار سونے کی قیمت پر دباؤ کم کرسکتے ہیں، جبکہ مضبوط رپورٹ یا سخت گیر فیڈ پالیسی کے اشارے مزید کمی کا سبب بن سکتے ہیں۔

دیگر قیمتی دھاتوں میں چاندی 1 فیصد کمی سے 63.60 ڈالر، پلاٹینم 1 فیصد کمی سے 1,722.23 ڈالر اور پیلیڈیم 1.4 فیصد کمی سے 1,292.21 ڈالر فی اونس ہوگیا۔