امریکا ایران پر ہر ہفتے نئی پابندیاں عائد کرے گا، اسکاٹ بیسنٹ
- بیسنٹ نے جی 20 کے مالیاتی رہنماؤں کے اجلاس سے قبل کہا کہ آپ کو ہر ہفتے اس طرح کی مزید بہت سی پابندیاں دیکھنے کو ملیں گی۔
امریکی محکمہ خزانہ کی جانب سے ایران پر اقتصادی دباؤ بڑھانے کے لیے ہر ہفتے نئی ثانوی پابندیاں عائد کیے جانے کا امکان ہے، جن کا ابتدائی ہدف بینک ہوں گے۔ امریکی وزیر خزانہ اسکاٹ بیسنٹ نے اتوار کو رائٹرز کو یہ بات بتائی۔
امریکا نے جمعہ کو ایران کے ساتھ مبینہ مالی روابط کے الزام میں متحدہ عرب امارات میں مصر کے بینک مصر کی شاخوں پر پابندیاں عائد کی تھیں۔ بیسنٹ نے ایک انٹرویو میں کہا کہ اگلا قدم کسی مالیاتی ادارے کو مکمل طور پر ڈالر پر مبنی عالمی مالیاتی نظام سے الگ کرنا ہوسکتا ہے۔
بیسنٹ نے جی 20 کے مالیاتی رہنماؤں کے اجلاس سے قبل کہا کہ آپ کو ہر ہفتے اس طرح کی مزید بہت سی پابندیاں دیکھنے کو ملیں گی۔
انہوں نے کہا کہ امریکا نے ابتدا بینکوں سے کی ہے اور انہیں واضح پیغام دیا جا رہا ہے کہ ایرانی رقوم رکھنا اور ایرانی حکومت کی مدد کرنا قابل قبول نہیں ہے۔
بیسنٹ نے مزید کہا کہ وہ جی 20 کے وزرائے خزانہ اور مرکزی بینکوں کے گورنرز کو یہ پیغام واضح طور پر دینا چاہتے ہیں کہ وہ ایران کے ساتھ اقتصادی روابط ختم کریں، بصورت دیگر انہیں ثانوی پابندیوں کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔