✕
مارکٹس

آبنائے ہرمز کھلنے کی امید، عالمی منڈی میں تیل کی قیمتیں 2 فیصد گر گئیں

  • برینٹ خام تیل کے فیوچرز 1.78 ڈالر یا 2 فیصد کمی کے بعد 86.80 ڈالر فی بیرل پر آگئے
شائع اپ ڈیٹ

عالمی منڈی میں تیل کی قیمتیں بدھ کو تقریباً 2 فیصد مزید گر گئیں، جس کے بعد گزشتہ سیشن میں ہونے والی 3 فیصد سے زائد کمی کے اثرات بھی برقرار رہے۔ قیمتوں میں تازہ کمی کی بنیادی وجہ ایران کی جانب سے عمان کے ساتھ آبنائے ہرمز کے انتظام سے متعلق مذاکرات دوبارہ شروع کرنے کا اعلان ہے، جس کے بعد اس اہم آبی گزرگاہ کے دوبارہ کھلنے کی امید ہے۔

رواں ماہ کے آغاز میں پیدا ہونے والی کشیدگی کے بعد ایران اور عمان کے درمیان آبنائے ہرمز سے متعلق ٹریفک کے انتظام پر کئی ہفتوں سے وقفے وقفے سے مذاکرات جاری تھے۔ دونوں ممالک نے منگل کو بتایا کہ انہوں نے آبنائے ہرمز سے گزرنے کے لیے مشترکہ عارضی بحری راہداری پر بات چیت کی اور اسے بارودی سرنگوں سے پاک کرنے پر اتفاق کیا۔

بدھ کو برینٹ خام تیل کے فیوچرز 1.78 ڈالر یا 2 فیصد کمی کے بعد 86.80 ڈالر فی بیرل پر آگئے، جبکہ امریکی ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ (ڈبلیو ٹی آئی) خام تیل 1.49 ڈالر یا 1.8 فیصد کمی کے ساتھ 80.87 ڈالر فی بیرل ہوگیا۔ دونوں بینچ مارکس میں منگل کو 3 فیصد سے زیادہ کمی ریکارڈ کی گئی تھی۔

فوجیتومی سیکیورٹیز کے تجزیہ کار میتسورو مورا ئشی نے کہا کہ مارکیٹ آبنائے ہرمز سے بحری آمدورفت سے متعلق پیش رفت پر ردعمل ظاہر کررہی ہے، جبکہ ایران اور عمان کے مذاکرات میں پیش رفت کی امید نے تیل کی فروخت کو بڑھایا ہے۔ تاہم انہوں نے کہا کہ مستقبل کے حوالے سے غیر یقینی صورتحال نے سستی قیمتوں پر خریداری کو بھی متحرک کیا، جس سے مزید کمی محدود رہی۔

جنگ شروع ہونے سے قبل آبنائے ہرمز سے دنیا کی تقریباً 20 فیصد حصے کی خام تیل اور مائع قدرتی گیس کی ترسیل ہوتی تھی۔

دریں اثنا، امریکی پٹرولیم انسٹی ٹیوٹ کے مطابق 21 اگست کو ختم ہونے والے ہفتے میں امریکی خام تیل کے ذخائر میں تقریباً 4.2 ملین بیرل اضافہ ہوا، جبکہ رائٹرز کے سروے میں ماہرین نے اوسطاً 600,000 بیرل اضافے کی توقع ظاہر کی تھی۔ امریکی انرجی انفارمیشن ایڈمنسٹریشن کے سرکاری اعدادوشمار بدھ کو جاری کیے جائیں گے۔