✕
پاکستان

وزیراعظم کی زرعی شعبے کو جدید بنانے کیلئے جامع اصلاحات کی ہدایت

  • شہباز شریف نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ تصدیق شدہ کمپنیاں کسانوں کو معیاری بیج کی فراہمی یقینی بنائیں
شائع اپ ڈیٹ

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے زرعی شعبے کی ترقی اور فی ایکڑ پیداوار میں اضافے کے لیے زرعی تحقیقاتی اداروں کو مزید فعال بنانے اور تحقیقاتی سرگرمیوں کو عالمی معیار کے مطابق ڈھالنے کی ہدایت کردی۔

وزیراعظم نے ہفتہ کو زرعی شعبے میں اصلاحات اور پیداوار بڑھانے اور کسانوں کی معاونت کے لیے حکومتی اقدامات پر پیش رفت پر جائزہ اجلاس کی صدارت کی۔ انہوں نے کہا کہ چھوٹے اور درمیانے درجے کے کسانوں کو فی ایکڑ پیداوار بڑھانے کے لیے ہر ممکن سہولت فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔

شہباز شریف نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ تصدیق شدہ کمپنیاں کسانوں کو معیاری بیج کی فراہمی یقینی بنائیں۔ انہوں نے تمام متعلقہ فریقین سے مشاورت کے بعد فصلوں کی پیداوار کا تخمینہ لگانے کے لیے جامع قومی نظام تیار کرنے کی بھی ہدایت کی۔

وزیراعظم نے کہا کہ زرعی شعبے میں جدت متعارف کرانے کے لیے جاری اصلاحات سے چھوٹے اور درمیانے درجے کے کسانوں کو بھرپور فائدہ پہنچنا چاہیے۔ انہوں نے گزشتہ سال چین سے زرعی تربیت حاصل کرکے واپس آنے والے طلبہ کے تجربات سے بھرپور استفادہ کرنے اور رواں سال چین میں زرعی تربیت کے لیے طلبہ کے انتخاب میں میرٹ اور شفافیت کو اولین ترجیح دینے کی ہدایت کی۔

اجلاس میں نیشنل ایگریکلچرل ریسرچ سینٹر (این اے آر سی) میں اصلاحات کی منظوری دی گئی۔ وزیراعظم نے این اے آر سی اور پاکستان ایگریکلچرل ریسرچ کونسل کو مزید مؤثر اور عالمی معیار سے ہم آہنگ کرنے کی ہدایت کی۔

وزارت قومی غذائی تحفظ و تحقیق نے زرعی اصلاحات، گندم کی طلب، زیر کاشت رقبے اور آئندہ فصل کی متوقع پیداوار سے متعلق بریفنگ دی۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ ایگریکلچر انوویشن اینڈ گروتھ پلان 2026-27 کے تحت کسانوں کو مالی سہولت، زرعی مشینری، جدید ٹیکنالوجی، ڈیجیٹلائزیشن، تحقیق اور استعداد کار میں اضافے سمیت غذائی تحفظ کے اقدامات پر عملدرآمد تیز کردیا گیا ہے۔

اجلاس میں بتایا گیا کہ زرعی شعبے میں جدید ٹیکنالوجی اور مصنوعی ذہانت کو ترجیح دی جارہی ہے، جبکہ فصلوں کے تخمینے، کیڑوں اور پودوں کی شناخت کے لیے اے آئی پر مبنی ایپ سمیت مختلف منصوبوں پر کام جاری ہے۔

وزیراعظم نے این اے آر سی کے نئے ماسٹر پلان کی بھی منظوری دیتے ہوئے اس پر جلد از جلد عملدرآمد مکمل کرنے کی ہدایت کی۔