پاکستان

ناروے کے وزیر خارجہ اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کے درمیان علاقائی سلامتی اور دفاعی تعلقات پر تبادلہ خیال

  • دفاع اور سیکیورٹی کے شعبوں میں روابط مزید بڑھانے کا عزم
شائع اپ ڈیٹ

ناروے کے وزیر خارجہ ایسپن بارتھ ایڈ نے جمعرات کو چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ملاقات کی، جس میں علاقائی سلامتی، دوطرفہ تعلقات اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ناروے کے وزیر خارجہ نے جنرل ہیڈ کوارٹرز (جی ایچ کیو) راولپنڈی میں ہونے والی ملاقات میں ایک اعلیٰ سطح کے وفد کی قیادت کی۔

فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے معزز مہمان کو عالمی امن اور علاقائی استحکام کے حوالے سے پاکستان کے مؤقف سے آگاہ کیا اور مشترکہ سیکیورٹی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے تعاون اور مشترکہ کوششوں کی اہمیت پر زور دیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق ناروے کے وزیر خارجہ نے علاقائی امن اور استحکام کے فروغ میں پاک فوج کے پیشہ ورانہ کردار کو سراہا۔

دونوں جانب سے دوطرفہ تعلقات مزید مضبوط بنانے اور دفاع و سلامتی کے شعبوں میں روابط اور تعاون بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔