دنیا

مصر جلد مشترکہ دفاعی اتحاد کا حصہ ہوگا، ترکیہ

  • مصر تمام معاملات میں ایک قدرتی شراکت دار ہے اور توقع ہے کہ اگلے مرحلے میں وہ بھی اتحاد کا حصہ بن جائے گا، ہاکان فیدان
شائع اپ ڈیٹ

ترکیہ کے وزیر خارجہ ہاکان فیدان نے کہا ہے کہ انہیں توقع ہے کہ مصر بھی سعودی عرب، ترکیہ اور پاکستان کے درمیان طے پانے والے مشترکہ دفاعی معاہدے میں شامل ہوگا، جس کا مقصد مشرق وسطیٰ میں جاری جنگ کے باعث پیدا ہونے والی علاقائی کشیدگی کم کرکے خطے میں استحکام لانا ہے۔

سعودی عرب، ترکیہ اور پاکستان نے یہ معاہدہ جمعہ کو امریکہ اور ایران کے درمیان جنگ کے تناظر میں کیا، جس نے خطے کے دیگر ممالک کو بھی متاثر کیا ہے اور آبنائے ہرمز اور بحیرہ احمر میں بحری آمدورفت متاثر ہوئی ہے۔

ترک وزیر خارجہ نے سرکاری خبر رساں ایجنسی انادولو کو انٹرویو میں کہا کہ مصر تمام معاملات میں ایک قدرتی شراکت دار ہے اور توقع ہے کہ اگلے مرحلے میں وہ بھی اتحاد کا حصہ بن جائے گا۔

ہاکان فیدان کے مطابق معاہدہ کسی مخصوص ملک کے خلاف نہیں اور اس میں کسی مشترکہ خطرے کی نشاندہی نہیں کی گئی۔ پاکستان کی وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ معاہدے کے تحت کسی ایک رکن پر حملہ تمام ارکان پر حملہ تصور کیا جائے گا۔

ہاکان فیدان نے معاہدے کو خطے میں دیرپا استحکام کی جانب اہم قدم قرار دیتے ہوئے کہا کہ اتحاد کو مزید ممالک تک وسعت دی جانی چاہیے۔