پاکستان

ملک بھر میں پولس کیریکٹر سرٹیفکیٹ کے اجراء کے لیے یکساں نظام کی منظوری

  • بیرونِ ملک سفر کرنے والے شہریوں کے لیے عمل آسان ہو جائے گا، وزیرِ داخلہ
شائع اپ ڈیٹ

اسلام آباد میں وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی کی زیرِ صدارت منعقدہ اجلاس میں ملک بھر کے لیے پولس کیریکٹر سرٹیفکیٹ (کلیئرنس سرٹیفکیٹ) جاری کرنے کے یکساں نظام کی اصولی منظوری دے دی گئی۔

وزارتِ داخلہ کی جانب سے سوشل میڈیا پر شیئر کی گئی ایک پوسٹ کے مطابق وزیرِ داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ پولس کلیئرنس سرٹیفکیٹ اب نیشنل پولس بیورو کے ذریعے جاری کیے جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ پولس کلیئرنس سرٹیفکیٹ کے حصول کا سابقہ پیچیدہ طریقہ کار اب آسان، تیز تر اور مکمل طور پر آن لائن بنا دیا گیا ہے۔وزیرِ داخلہ نے بین الاقوامی ڈرائیونگ پرمٹ جاری کرنے کے لیے بھی ایک یکساں نظام قائم کرنے کی ہدایت کی ہے۔انہوں نے کہا کہ پولس کلیئرنس سرٹیفکیٹ اور بین الاقوامی ڈرائیونگ پرمٹ کے لیے ایک معیاری و یکساں نظام سے بیرونِ ملک سفر کرنے والے شہریوں کے لیے عمل کافی آسان ہو جائے گا۔

محسن نقوی کا کہنا تھا کہ نیشنل پولس بیورو کو ایک متحرک اور فعال ادارے میں ڈھالنا حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔وزیرِ داخلہ نے یہ بھی کہا کہ پولس کے شہداء قوم کا فخر ہیں اور ملک میں امن و امان کے قیام اور جرائم کے خاتمے کے لیے ان کی عظیم قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔