پاکستان

زیڈ ٹی بی ایل کی نجکاری سے چھوٹے کسانوں کا تحفظ یقینی بنایا جائے، وزیراعظم شہباز شریف

  • نجکاری پروگرام بروقت مکمل کرنے کا حکم، اہم سرکاری اثاثوں کے لیے ڈیڈ لائن مقرر
شائع اپ ڈیٹ

وزیراعظم شہباز شریف نے پیر کو متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ حکومت کے نجکاری پروگرام کے تمام مراحل مقررہ مدت میں مکمل کیے جائیں۔ انہوں نے اس مقصد کے لیے وزارتوں اور متعلقہ اداروں کے درمیان قریبی رابطہ اور مؤثر ہم آہنگی یقینی بنانے پر زور دیا۔

سرکاری ملکیتی اداروں (ایس او ایز) کی نجکاری سے متعلق پیش رفت کا جائزہ لینے کے لیے منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیراعظم نے حکام کو ہدایت کی کہ پروگرام کے تحت مقررہ تمام اہداف اور ڈیڈ لائنز پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنایا جائے۔

وزیراعظم نے کہا کہ زرعی ترقیاتی بینک لمیٹڈ (زیڈ ٹی بی ایل) کی نجکاری کا ڈھانچہ اس انداز میں تیار کیا جائے کہ زرعی شعبے کی معاونت کا بینک کا بنیادی کردار برقرار رہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ نجکاری کے بعد بھی بینک زرعی فنانسنگ اور چھوٹے و درمیانے درجے کے کسانوں کو قرضوں کی فراہمی کو اپنی ترجیح بنائے رکھے۔

شہباز شریف نے کہا، ”کسانوں کی مالی وسائل تک رسائی بہتر بنانا فی ایکڑ زرعی پیداوار میں اضافے کے لیے ناگزیر ہے۔“ انہوں نے مزید کہا کہ زرعی شعبے کی ترقی پاکستان کی معاشی نمو اور غذائی تحفظ کے لیے انتہائی اہم ہے۔

اجلاس کو وزارتِ نجکاری کی جانب سے بریفنگ دی گئی، جس میں بتایا گیا کہ حکومت نے 27 سرکاری اداروں کو تین مراحل میں نجکاری پروگرام میں شامل کیا ہے۔

اجلاس کو آگاہ کیا گیا کہ پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) اور فرسٹ ویمن بینک کی نجکاری کے مالیاتی مراحل (فنانشل کلوزنگ) مکمل ہو چکے ہیں۔ حکام نے بتایا کہ پی آئی اے کی نجکاری کے پہلے مالیاتی مرحلے کی تکمیل اور انتظامی کنٹرول کی منتقلی 29 جون کو مکمل کی گئی۔

وزیراعظم کو اسلام آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی (آئیسکو)، فیصل آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی (فیسکو) اور گوجرانوالہ الیکٹرک پاور کمپنی (گیپکو) کی نجکاری سے متعلق پیش رفت پر بھی بریفنگ دی گئی۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ ان کمپنیوں میں دلچسپی کے اظہار (ای او آئیز) طلب کیے جا چکے ہیں، جن کی جمع کرانے کی آخری تاریخ فیسکو کے لیے 7 اگست، گیپکو کے لیے 21 اگست اور آئیسکو کے لیے 7 ستمبر مقرر کی گئی ہے۔

حکام نے بتایا کہ متعدد بین الاقوامی کمپنیوں نے بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کے حصول میں دلچسپی ظاہر کی ہے، جبکہ سرمایہ کاروں کے لیے روڈ شوز بھی جاری ہیں۔

اجلاس میں اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ، جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ کراچی اور علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ لاہور کی نجکاری سے متعلق پیش رفت کا بھی جائزہ لیا گیا۔

وزیراعظم نے ہدایت کی کہ نجکاری کے تمام جاری معاملات کی مسلسل نگرانی کی جائے اور انہیں طے شدہ ٹائم لائن کے مطابق مکمل کیا جائے۔

اجلاس میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وفاقی وزراء خواجہ محمد آصف، جام کمال خان، سردار اویس خان لغاری، وزیر مملکت بلال اظہر کیانی، وزیراعظم کے مشیر محمد علی، معاونِ خصوصی ہارون اختر اور دیگر اعلیٰ سرکاری حکام نے شرکت کی۔