محسن نقوی کا حکومتی نظام کو درست کرنے کے لیے نئی انتظامی اکائیاں بنانے اور سیاسی اتفاق رائے کا مطالبہ
- رائج نظام بیٹھ چکا ہے اور ملکی مسائل حل کرنے سے قاصر ہے، وفاقی وزیر داخلہ
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے گورننس اور عوامی خدمات کی فراہمی کو بہتر بنانے کے لیے نئی انتظامی اکائیاں بنانے پر زور دیا ہے اور سیاسی جماعتوں پر زور دیا ہے کہ وہ قلیل المدتی اقدامات پر انحصار کرنے کے بجائے بنیادی اصلاحات پر قومی اتفاق رائے پیدا کریں۔
اسلام آباد میں پہلی اکنامک سمٹ 2026 سے خطاب کرتے ہوئے محسن نقوی نے مؤقف اختیار کیا کہ پاکستان کا حکمرانی کا ماڈل ناکارہ ہو چکا ہے اور شہریوں کی ضروریات پوری کرنے اور اقتصادی ترقی کو فروغ دینے کے لیے اس میں بنیادی اصلاحات کی ضرورت ہے۔محسن نقوی نے مزید کہا کہ ہم جس نظام میں رہ رہے ہیں وہ بیٹھ چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگرچہ وہ جمہوریت کے پختہ حامی ہیں، لیکن ملک کو جمہوری دائرہ کار کے اندر رہ کر اپنے انتظامی ڈھانچے میں اصلاحات کرنے کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ انتظامی اختیارات نچلی سطح پر منتقل کرکے عوامی خدمات، انصاف اور فیصلہ سازی کو عوام کے قریب لایا جانا چاہیے۔
انہوں نے کہا آپ کو انتظامی اکائیوں یا صوبوں کی طرف جانا ہوگا، آپ اسے جو بھی نام دینا چاہیں۔ جب تک گورننس عوام کے قریب نہیں لائی جاتی، ملکیت کا احساس پیدا نہیں ہوگا اور نئی قیادت سامنے نہیں آئے گی۔وزیر داخلہ نے تمام سیاسی جماعتوں پر زور دیا کہ وہ ایک میز پر بیٹھیں اور نئی انتظامی اکائیاں بنانے پر متفق ہوں، یہ کہتے ہوئے کہ گورننس کو بہتر بنانے، روزگار پیدا کرنے اور میرٹ پر مبنی اداروں کو مضبوط کرنے کے لیے ایسی اصلاحات ضروری ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کے نوجوان خیرات نہیں مانگ رہے بلکہ وہ میرٹ، انصاف اور مساوی اقتصادی مواقع کا مطالبہ کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ وہ ٹیبلٹس یا چھوٹے وظائف نہیں مانگ رہے، وہ میرٹ پر ملازمتیں اور مواقع چاہتے ہیں۔محسن نقوی نے وفاقی حکومت کے قرضوں پر بڑھتے ہوئے انحصار پر بھی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ملک بنیادی کمزوریوں کو دور کرنے کے بجائے مالیاتی خلیج کے ساتھ بجٹ تیار کرتا چلا جا رہا ہے۔
انہوں نے کاروباری برادری پر زور دیا کہ وہ گورننس میں اصلاحات کے لیے بھرپور آواز اٹھائے اور سیاست میں بڑا کردار ادا کرے، یہ کہتے ہوئے کہ کاروباری افراد پبلک ایڈمنسٹریشن کو بہتر بنانے کے لیے درکار انتظامی مہارتیں رکھتے ہیں۔دوسرے ملکوں کے ساتھ موازنہ کرتے ہوئے محسن نقوی نے اس بات کا ذکر کیا کہ بھارت نے آزادی کے بعد سے اپنی ریاستوں کی تعداد میں اضافہ کیا ہے، جبکہ انڈونیشیا میں بھی صوبوں کی تعداد زیادہ ہے اور انہوں نے دلیل دی کہ پاکستان کو اسی طرح کی انتظامی اصلاحات پر بحث کرنے سے ہچکچاہٹ محسوس نہیں کرنی چاہیے۔انہوں نے پارلیمنٹ، یونیورسٹیوں اور میڈیا میں اس تجویز پر ملک گیر بحث کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ حتمی فیصلہ عوام کی خواہشات کی عکاسی کرنا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ اگر عوام اپنے قریب اقتدار کے مراکز چاہتے ہیں تو ایسا کیا جانا چاہیے۔ اگر وہ نہیں چاہتے تو ایسا نہیں ہونا چاہیے۔محسن نقوی نے گورننس کو بہتر بنانے کے مقصد سے شروع کی جانے والی پہل قدمیوں کے لیے اپنی حمایت کا یقین دلایا اور کہا کہ وہ اتفاق رائے کے ذریعے اصلاحات کو آگے بڑھانے کے لیے کاروباری،وکلا برادری اور سیاسی قیادت کے ساتھ کام کرنے کے لیے تیار ہیں۔نوجوانوں کا ذکر کرتے ہوئے محسن نقوی نے کہا کہ وہ حکومتی خیرات کے بجائے میرٹ، انصاف اور روزگار کے مواقع کا مطالبہ کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا آپ انہیں نوجوان کہہ سکتے ہیں، آپ انہیں کچھ بھی کہہ سکتے ہیں۔ لیکن اگر یہ متحد ہو گئے تو سب کچھ الٹ پلٹ کر رکھ دیں گے اور پالیسی سازوں میں اضطراب بڑھنے سے پہلے نوجوانوں کی امنگوں کو پورا کرنے پر زور دیا۔