کشیدہ علاقائی صورتحال، پاکستان اور تہران کا مشاورت جاری رکھنے کا عزم
- نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار کی ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی سے ملاقات
خطے میں بڑھتے ہوئے چیلنجز کے پیش نظر پاکستان اور ایران نے امن اور استحکام کو فروغ دینے کے لیے بات چیت اور سفارتی روابط کے عزم کا اعادہ کیا۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار کی ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی سے اہم ملاقات کرغزستان میں شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے وزرائے خارجہ اجلاس کے موقع پر ہوئی۔
دونوں وزراء نے پاکستان اور ایران کے درمیان گہرے اور دیرینہ تعلقات کا اعادہ کیا اور خطے کی بدلتی ہوئی صورتحال کا جائزہ لیا۔
ڈپٹی وزیراعظم اور وزیرِ خارجہ نے حالیہ علاقائی کشیدگی پر گہری تشویش کا اظہار کیا اور پائیدار امن اور استحکام کے حصول کے لیے بات چیت، تحمل، تمام فریقین کی جانب سے کشیدگی میں کمی اور مسلسل سفارتی رابطوں کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے جون 2026 کے اسلام آباد ایم او یو کے تحت طے پانے والے فہم کو آگے بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا۔
وزیرِ خارجہ عراقچی نے علاقائی امن اور سلامتی کے فروغ میں پاکستان کی مسلسل سفارتی حمایت اور تعمیری کوششوں کو سراہا۔
انہوں نے امریکی کارروائی کا نشانہ بننے والی کشتیوں کے عملے سمیت ایرانی ماہی گیروں اور عملے کے ارکان کی محفوظ واپسی میں سہولت کاری فراہم کرنے اور پاکستان کے راستے ان کی محفوظ نقل و حرکت اور ایران واپسی کو یقینی بنانے کے لیے ایرانی، امریکی اور دیگر متعلقہ حکام کے ساتھ قریبی رابطہ کاری پر بھی پاکستان کا شکریہ ادا کیا۔
دونوں فریقوں نے باہمی دلچسپی کے امور پر قریبی رابطہ کاری اور باقاعدہ مشاورت جاری رکھنے پر اتفاق کیا اور علاقائی امن، استحکام اور مشترکہ خوش حالی کے لیے مل کر کام کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔
کاپی رائٹ بزنس ریکارڈر 2026