ایئر لنک کا لاہور میں الیکٹرک بائیک اسمبلنگ پلانٹ لگانے کا اعلان
- بورڈ آف ڈائریکٹرز نے انتظامیہ کو منصوبے پر عملدرآمد کے لیے درکار تمام ضروری ریگولیٹری، تجارتی اور آپریشنل اقدامات کرنے کی بھی منظوری دے دی
ایئرلنک کمیونیکیشن لمیٹڈ نے جمعرات کو اپنے برانڈ ایئر وی کے تحت الیکٹرک موٹر سائیکلوں کا مینوفیکچرنگ پلانٹ قائم کرنے کا اعلان کیا ہے۔
کمپنی نے پاکستان اسٹاک ایکسچینج کو بھیجے گئے ایک نوٹس میں اس پیش رفت سے آگاہ کیا۔
منصوبے کے تحت لاہور کے سندر گرین اسپیشل اکنامک زون میں واقع کمپنی کی مینوفیکچرنگ پلانٹ پر جدید الیکٹرک موٹر سائیکل اسمبلی پلانٹ قائم کیا جائے گا۔
کمپنی کے مطابق یہ منصوبہ اس کی طویل مدتی حکمت عملی کا حصہ ہے جس کا مقصد اپنے مینوفیکچرنگ پورٹ فولیو کو جدید ٹیکنالوجی پر مبنی نقل و حمل (موبلٹی) کے شعبے تک وسعت دینا اور پاکستان میں الیکٹرک گاڑیوں کی بڑھتی ہوئی طلب سے فائدہ اٹھانا ہے۔
نوٹس میں کہا گیا کہ بورڈ آف ڈائریکٹرز نے انتظامیہ کو منصوبے پر عملدرآمد کے لیے درکار تمام ضروری ریگولیٹری، تجارتی اور آپریشنل اقدامات کرنے کی بھی منظوری دے دی ہے۔
ایئر لنک کمیونیکیشن لمیٹڈ جنوری 2014 میں پاکستان میں ایک پرائیویٹ لمیٹڈ کمپنی کے طور پر رجسٹر ہوئی تھی اور بعد میں اپریل 2019 میں اسے پبلک لمیٹڈ کمپنی میں تبدیل کردیا گیا۔
یہ کمپنی کمیونیکیشن اور آئی ٹی سے متعلقہ مصنوعات اور خدمات بشمول اسمارٹ فونز، سیلولر فونز، ٹیبلیٹس، لیپ ٹاپ کے لوازمات اور متعلقہ مصنوعات کی درآمد، برآمد، تقسیم، انڈینٹنگ، ہول سیل اور ریٹیل کے کاروبار سے وابستہ ہے۔