پاکستان

روزانہ قیمتوں کے نظام کے تحت حکومت نے پیٹرول 4.93 اور ڈیزل 7.15 روپے فی لیٹر مہنگا کر دیا

  • نئی قیمتوں کا اطلاق آج رات بارہ بجے سے ہوگا
شائع اپ ڈیٹ

وفاقی حکومت نے منگل کو نئی متعارف کرائی گئی روزانہ قیمتوں کے تعین کے نظام کے تحت 22 جولائی کے لیے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کر دیا، جس کے تحت پیٹرول 4.93 روپے اور ہائی اسپیڈ ڈیزل (ایچ ایس ڈی) 7.15 روپے فی لیٹر مہنگا کر دیا گیا۔

وزارتِ توانائی (پیٹرولیم ڈویژن) کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے حکومت کے نظرثانی شدہ روزانہ قیمتوں کے تعین کے طریقۂ کار کے مطابق ایکس ڈپو قیمتوں میں ردوبدل کیا ہے۔

موٹر اسپرٹ (پیٹرول) کی قیمت 315.80 روپے سے بڑھا کر 320.73 روپے فی لیٹر کر دی گئی ہے، جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل (ایچ ایس ڈی) کی قیمت 360.06 روپے سے بڑھا کر 367.21 روپے فی لیٹر مقرر کی گئی ہے۔

یہ تازہ ردوبدل عالمی تیل منڈی میں قیمتوں کے اتار چڑھاؤ کے پیشِ نظر حکومت کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا روزانہ جائزہ لینے کے نظام کے نفاذ کے بعد کیا گیا ہے، جس نے سابقہ ہفتہ وار قیمتوں کے نظام کی جگہ لے لی ہے۔