دنیا

امریکا کے رات بھر حملے، ایران میں ہوائی اڈے، پلوں اور ریلوے اسٹیشن پر تباہی

  • حملوں کے نتیجے میں کم از کم تین افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے۔
شائع اپ ڈیٹ

ایرانی سرکاری میڈیا کے مطابق جمعے کی صبح امریکا کے رات بھر جاری رہنے والے مہلک حملوں میں ایران کے ایک ہوائی اڈے، ریلوے اسٹیشن اور دو پلوں کو نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں کم از کم تین افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے۔

آبنائے ہرمز پر جاری کشیدگی کے دوران امریکا اور ایران کے درمیان حملوں کا تبادلہ جاری ہے، جہاں دونوں ممالک اس اہم عالمی آبی گزرگاہ پر برتری کے لیے برسرِ پیکار ہیں۔

سرکاری ٹی وی کے مطابق صوبہ ہرمزگان میں دو پلوں پر امریکی حملے میں تین افراد جاں بحق جبکہ نو زخمی ہوئے۔ یہ اعداد و شمار پہلے جاری کیے گئے ہلاکتوں کے تخمینے کی تازہ ترین صورت حال ہیں۔

ایرانی سرکاری ٹی وی آئی آر آئی بی نے ٹیلی گرام پر بتایا کہ جنوب مشرقی شہر ایرانشہر کے ہوائی اڈے کے اطراف تین دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں اور کم از کم ایک امریکی میزائل یا گولہ ہوائی اڈے پر آ کر گرا۔

دوسری جانب مہر نیوز ایجنسی کے مطابق بندر عباس ریلوے جنکشن اسٹیشن بھی امریکی حملے کا نشانہ بنا، جس میں دو ایرانی شہری زخمی ہوئے۔

ایرانی سرکاری میڈیا کے مطابق ایک اور امریکی حملہ مغربی بندرگاہی شہر بوشہر میں کیا گیا، جس میں ایک شخص زخمی ہوگیا۔