پاکستان

پاکستان کی کروشیا سے مختلف شعبوں میں تعاون مزید بڑھانے کی خواہش

  • وزیرِاعظم محمد شہباز شریف سے جمہوریہ کروشیا کے وزیر برائے خارجہ و یورپی اُمور ڈاکٹر گورڈن گرلیچ ریڈمین کی ملاقات
شائع اپ ڈیٹ

پاکستان نے کروشیا کے ساتھ تجارت و سرمایہ کاری، انفارمیشن ٹیکنالوجی، روابط، زراعت، سیاحت اور ہنرمند افرادی قوت سمیت مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید فروغ دینے کی خواہش کا اظہار کیا ہے۔

وزیرِاعظم محمد شہباز شریف سے جمہوریہ کروشیا کے وزیر برائے خارجہ و یورپی اُمور ڈاکٹر گورڈن گرلیچ ریڈمین نے وزیراعظم ہاؤس اسلام آباد میں ملاقات کی۔

ملاقات کے دوران وزیراعظم نے کروشیا کے وزیر خارجہ اور ان کے وفد کو پاکستان آمد پر خوش آمدید کہا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور کروشیا کے درمیان دوستانہ تعلقات باہمی احترام، خیرسگالی اور مشترکہ مفادات پر مبنی ہیں۔

وزیراعظم نے کروشیا کے صدر زوران میلانوویچ اور وزیراعظم آندرے پلینکوویچ کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے پاکستان کے سرکاری دورے کی پُرخلوص دعوت دی۔

کروشیا کے وزیر خارجہ نے پرتپاک استقبال پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد کا دورہ ان کے لیے باعثِ اعزاز ہے۔

انہوں نے علاقائی امن کی کوششوں میں پاکستان اور اس کی قیادت کے نمایاں کردار کو سراہا اور باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں میں پاکستان اور کروشیا کے تعلقات کو مزید وسعت دینے کی اپنی حکومت کی خواہش کا اظہار کیا۔

ملاقات میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار اور سیکرٹری خارجہ آمنہ بلوچ بھی موجود تھیں۔