کاروبار اور معیشت

پاکستان کی ترک سیل کو سرمایہ کاری کی دعوت، ترکیہ کے ساتھ ڈیجیٹل راہداری کی تجویز

  • وزیراعظم شہباز شریف نے ترک سیل پر زور دیا کہ وہ پاکستانی اداروں کے ساتھ طویل المدتی شراکت داری کے امکانات کا جائزہ لے
شائع اپ ڈیٹ

پاکستان نے پاکستان ترکیہ ڈیجیٹل راہداری کے قیام کی تجویز پیش کرتے ہوئے ترکیہ کی معروف ڈیجیٹل ٹیلی کمیونی کیشن کمپنی ترک سیل کو ملک کے ٹیلی کمیونی کیشن اور ڈیجیٹل انفرااسٹرکچر میں سرمایہ کاری کی دعوت دی ہے، جس میں 5G نیٹ ورک کی تنصیب، ٹیلی کام آلات کی مقامی تیاری اور ٹیکنالوجی کی منتقلی جیسے شعبے شامل ہیں۔ حکومت اعلیٰ قدر کی حامل ٹیکنالوجی کے شعبوں میں پاکستان اور ترکیہ کے درمیان دوطرفہ تعاون کو مزید وسعت دینا چاہتی ہے۔

یہ پیش رفت آج استنبول میں ترک سیل کے چیف ایگزیکٹو آفیسر علی طٰہٰ کوچ اور وزیراعظم شہباز شریف کے درمیان ہونے والی ملاقات کے دوران سامنے آئی۔

ملاقات میں وزیراعظم شہباز شریف نے ڈیجیٹل ٹیکنالوجی اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبوں میں پاکستان اور ترکیہ کے درمیان تعاون کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان ترکیہ ڈیجیٹل راہداری کے قیام کے حکومتی وژن سے بھی آگاہ کیا، جس کا مقصد خطے میں ڈیجیٹل روابط کو مضبوط بنانا، سرحد پار ڈیٹا کے محفوظ تبادلے کو آسان بنانا اور ڈیجیٹل انفرااسٹرکچر کے باہمی انضمام کو فروغ دینا ہے۔

وزیراعظم نے پاکستان کے تیزی سے فروغ پاتے ڈیجیٹل شعبے کا ذکر کرتے ہوئے ترک سیل کو پاکستانی اداروں کے ساتھ طویل المدتی تعاون کے امکانات کا جائزہ لینے کی دعوت دی۔

انہوں نے کمپنی کو ٹیلی کمیونی کیشن آلات کی مقامی تیاری، سافٹ ویئر ڈویلپمنٹ، ڈیجیٹل مہارتوں کے فروغ اور استعدادِ کار بڑھانے کے شعبوں میں شراکت داری پر بھی غور کرنے کی ترغیب دی۔ ان کا کہنا تھا کہ اس نوعیت کا تعاون نہ صرف پاکستان کے ٹیکنالوجی ایکو سسٹم کو مضبوط بنائے گا بلکہ اختراع، روزگار کے مواقع اور پائیدار معاشی ترقی کو بھی فروغ دے گا۔

وزیراعظم نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ حکومت اسپیشل انویسٹمنٹ فیسیلیٹیشن کونسل (ایس آئی ایف سی) کے تعاون سے شفاف، قابلِ اعتماد اور سرمایہ کار دوست کاروباری ماحول برقرار رکھنے کے لیے پُرعزم ہے، تاکہ بالخصوص انفارمیشن اور مواصلاتی ٹیکنالوجی سمیت اعلیٰ اہمیت کے حامل شعبوں میں اسٹریٹجک سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی کی جا سکے۔

ترک سیل کے چیف ایگزیکٹو آفیسر علی طٰہٰ کوچ نے پاکستان کی حکومت کے مستقبل پر مبنی ڈیجیٹل تبدیلی کے ایجنڈے کو سراہتے ہوئے ٹیلی کمیونی کیشن، ڈیجیٹل انفراسٹرکچر اور ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز کے شعبوں میں تعاون کے مواقع تلاش کرنے میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔

انہوں نے اس عزم کا بھی اعادہ کیا کہ ترک سیل پاکستان کے متعلقہ اداروں کے ساتھ قریبی تعاون کے ذریعے ایسی باہمی مفید شراکت داریاں قائم کرے گی، جو پاکستان اور ترکیہ کی مشترکہ معاشی اور تکنیکی ترقی کی خواہشات کو آگے بڑھانے میں معاون ثابت ہوں۔

دریں اثنا، ترکیہ کے ممتاز کاروباری گروپوں اور صنعتی تنظیموں نے پاکستان کی معاشی صورتحال پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے مختلف اسٹریٹجک شعبوں میں سرمایہ کاری بڑھانے اور طویل المدتی شراکت داریاں قائم کرنے میں اپنی دلچسپی کا بھی اعادہ کیا۔