پاکستان

وزیر خزانہ کی ایس اینڈ پی گلوبل ریٹنگز کو معاشی اصلاحات پر بریفنگ دی

  • ملاقات کے دوران محمد اورنگزیب نے پاکستان کے میکرو اکنامک بنیادی اشاریوں میں نمایاں بہتری کو اجاگر کیا
شائع July 3, 2026 اپ ڈیٹ July 3, 2026 08:45am

وفاقی وزیر خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب نے جمعرات کو ایس اینڈ پی گلوبل ریٹنگز کے وفد سے ملاقات کی، جس میں سوورین ریٹنگز کے ڈائریکٹر یی فارن فُوا اور ایسوسی ایٹ ڈائریکٹر جولیا فلوکا شامل تھیں۔ ملاقات میں پاکستان کی خودمختار کریڈٹ پروفائل، معیشت کے مجموعی منظرنامے اور حکومت کے جامع اقتصادی اصلاحاتی ایجنڈے پر ہونے والی پیش رفت پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات کے دوران وزیر خزانہ نے پاکستان کے میکرو اکنامک بنیادی اشاریوں میں نمایاں بہتری کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ وفاقی بجٹ برائے مالی سال 2026-27 کی ترقی پر مبنی اور مالیاتی نظم و ضبط کی حامل پالیسیوں کے باعث اقتصادی نمو مضبوط ہوئی ہے، مالیاتی استحکام برقرار رہا ہے، قرضوں کی پائیداری میں بہتری آئی ہے اور بیرونی شعبہ زیادہ مستحکم ہوا ہے۔

انہوں نے کہا کہ محتاط اقتصادی انتظام، پالیسیوں پر مؤثر عملدرآمد اور مسلسل ساختی اصلاحات نے معیشت کو مزید مستحکم کیا ہے، جس کے نتیجے میں مہنگائی میں کمی، زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ، بیرونی شعبے کی مضبوطی، سرمایہ کاروں کے اعتماد میں بحالی اور مالیاتی و بیرونی اشاریوں میں مسلسل بہتری دیکھنے میں آئی ہے، حالانکہ علاقائی اور عالمی ماحول بدستور چیلنجز سے دوچار ہے۔

وزیر خزانہ نے پاکستان کے سرکاری قرضوں کی بہتر ہوتی ہوئی صورتحال پر بھی روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ قرضوں کا مجموعی قومی پیداوار (جی ڈی پی) سے تناسب مسلسل کم ہو رہا ہے، مرکزی حکومت کے قرضوں میں اضافے کی رفتار گزشتہ تقریباً 15 برسوں کی کم ترین سطح پر آ گئی ہے، جبکہ لائبیلٹی مینجمنٹ آپریشنز اور قرضوں کی قبل از وقت واپسی کے ذریعے قرضوں کا مؤثر انتظام کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ مقامی قرضوں کی میچورٹی پروفائل میں توسیع کی گئی ہے، مالیاتی خسارہ تاریخی طور پر کم سطح پر آ گیا ہے اور بنیادی مالیاتی سرپلس ریکارڈ سطح پر پہنچ گیا ہے۔

انہوں نے زور دیا کہ محصولات میں اضافے اور اخراجات کے محتاط انتظام کی بدولت حاصل ہونے والی یہ کامیابیاں نہ صرف مالیاتی پائیداری کو مضبوط بنا رہی ہیں بلکہ پاکستان کی خودمختار کریڈٹ بنیادوں کو بھی مزید مستحکم کر رہی ہیں۔