دنیا

روس کا کیف پر ڈرون اور میزائل حملہ، 10افراد ہلاک، 50 زخمی

  • حملے سے رہائشی عمارتوں کو شدید نقصان پہنچا اور شہر کے مرکزی علاقے میں واقع ایک ہوٹل میں آگ بھڑک اٹھی
شائع July 2, 2026 اپ ڈیٹ July 2, 2026 01:27pm

روس نے جمعرات کی شب یوکرین کے دارالحکومت کیف پر ڈرونز اور میزائلوں سے شدید حملے کیے، جن کے نتیجے میں کم از کم 10 افراد ہلاک اور 50 زخمی ہوگئے، جبکہ رہائشی عمارتوں کو شدید نقصان پہنچا اور شہر کے مرکزی علاقے میں واقع ایک ہوٹل میں آگ بھڑک اٹھی۔

کیف کی فوجی انتظامیہ کے سربراہ تیمور تکاچینکو نے بتایا کہ حملوں میں دو افراد جان کی بازی ہار گئے جبکہ 16 زخمی ہوئے، تاہم انہوں نے مزید تفصیلات فراہم نہیں کیں۔

دوسری جانب کیف کے میئر ویٹالی کلِچکو نے ٹیلی گرام پر جاری بیان میں کہا کہ ایک رہائشی عمارت پر براہِ راست میزائل گرنے سے اس کی پہلی سے چھٹی منزل تک کا حصہ منہدم ہوگیا۔ ان کے مطابق زخمیوں میں ایمبولینس اسٹیشن کے پیرامیڈکس اور ڈرائیور بھی شامل ہیں، جبکہ کئی افراد اب بھی تباہ شدہ عمارتوں کے ملبے تلے پھنسے ہوئے ہیں۔

سوشل میڈیا پر جاری تصاویر میں شہر کے مرکزی شیوچینکو بولیوارڈ پر واقع ایک عمارت کی بالائی منزل پر شدید آگ بھڑکتی دکھائی دی۔ عینی شاہدین کے مطابق حملوں کے دوران شہر بھر میں متعدد زور دار دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں۔

حملوں کے بعد یوکرین کے بیشتر علاقوں میں فضائی حملے کے سائرن بجا دیے گئے، جس پر شہری اپنے بچوں، ضروری سامان اور پالتو جانوروں کے ساتھ زیرِ زمین میٹرو اسٹیشنوں میں پناہ لینے پر مجبور ہوگئے۔ حکام کے مطابق یہ جون کے وسط کے بعد روس کا یوکرین پر سب سے بڑا حملہ تھا۔

ادھر یوکرینی صدر وولودیمیر زیلنسکی نے ممکنہ حملے کے پیش نظر آئرلینڈ کا اپنا دورہ مختصر کر دیا۔ انہوں نے روسی صدر ولادیمیر پوتن کو جنگ کے خاتمے کے لیے مذاکرات کی پیشکش بھی کی، تاہم کریملن اس تجویز کو مسترد کر چکا ہے۔

دریں اثنا یوکرین نے بھی حالیہ ہفتوں میں روسی علاقوں پر حملوں میں شدت پیدا کر دی ہے۔ روس کے لینن گراڈ ریجن کے گورنر کے مطابق فضائی دفاعی نظام نے چھ ڈرون مار گرائے، جبکہ سرحدی بیلگوروڈ ریجن میں ایک ڈرون حملے میں ایک شخص ہلاک اور اس کی اہلیہ زخمی ہوگئیں۔

اگرچہ دونوں ممالک کا کہنا ہے کہ وہ جان بوجھ کر شہریوں کو نشانہ نہیں بناتے، تاہم خبر رساں ادارہ رائٹرز ان ہلاکتوں اور نقصانات کی آزادانہ تصدیق نہیں کر سکا۔