مارکٹس

انگریڈیئن نے رفحان میز میں اکثریتی حصص کی فروخت مکمل کر لی

  • یہ حصص نشاط ہوٹلز کی قیادت میں ایک گروپ کو فروخت ہوئے، جس کے بانی میاں منشا ٹیکسٹائل، بینکنگ اور توانائی کے نامور تاجر ہیں
شائع June 30, 2026 اپ ڈیٹ June 30, 2026 04:46pm

غذائی اجزاء کے حل فراہم کرنے والی معروف عالمی کمپنی انگریڈیئن انکارپوریٹڈ نے پاکستان کی سب سے بڑی زرعی صنعتی کمپنیوں میں سے ایک رفحان میز میں اپنے 51 فیصد اکثریتی حصص کی فروخت کا عمل مکمل کرنے کا اعلان کیا ہے۔

یہ حصص نشاط ہوٹلز اینڈ پراپرٹیز لمیٹڈ کی سربراہی میں خریداروں کے ایک ملحقہ گروپ کو فروخت کیے گئے ہیں۔نشاط گروپ پاکستان کا ایک ممتاز اور وسیع البنیاد کاروباری ادارہ ہے، جس کی بنیاد میاں محمد منشا نے رکھی تھی۔ یہ گروپ ٹیکسٹائل، بینکنگ، سیمنٹ، بجلی کی پیداوار، ہاسپیٹلٹی (ہوٹلنگ) اور رئیل اسٹیٹ سمیت مختلف شعبوں میں وسیع کاروباری مفادات رکھتا ہے۔

معاہدے کی تکمیل کے بعد بھی انگریڈیئن کے پاس رفحان میز کے تقریباً 20 فیصد مالکانہ حصص برقرار رہیں گے۔ اس سودے کے تحت انگریڈیئن کو تقریباً 16 کروڑ 50 لاکھ ڈالر کی رقم ادا کی گئی ہے۔انگریڈیئن کے چیئرمین، صدر اور سی ای او جم زیلی نے اس حوالے سے بتایا کہ یہ ڈیل ہمارے پورٹ فولیو میں تبدیلی کے تسلسل کا حصہ ہے جس سے منافع میں اتار چڑھاؤ کم ہوگا، جبکہ سرمایہ کاری کے لیے وہ فنڈز حاصل ہوں گے جنہیں زیادہ ترقی کرنے والے کاروباروں میں لگایا جا سکے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ ایک مضبوط اور مستحکم بزنس میں اقلیتی شیئر ہولڈر کے طور پر تعلق برقرار رکھنے سے ہمیں مڈل ایسٹ اور ساؤتھ ایشیا کی مارکیٹوں تک رسائی کا تسلسل بھی حاصل رہے گا، جنہیں ہم طویل مدتی ترقی کے پلیٹ فارم کے طور پر دیکھتے ہیں۔ اس سودے کا باقاعدہ اعلان 29 ستمبر 2025 کو کیا گیا تھا۔ سال 2025 کے دوران پاکستان میں انگریڈیئن کے بزنس نے تقریباً 25 کروڑ ڈالر کی خالص فروخت ریکارڈ کی تھی۔

انگریڈیئن انکارپوریٹڈ نے مئی 2025 میں اپنے حصص کی ممکنہ فروخت کے لیے موصول ہونے والی پیشکشوں کا جائزہ لینا شروع کیا تھا۔ رفحان میز (آرایم پی ایل) میں 75.69 فیصد تک اکثریتی حصص حاصل کرنے کے لیے کئی اداروں نے دلچسپی ظاہر کی تھی، جن میں چرات سیمنٹ کمپنی لمیٹڈ، شیرازی انویسٹمنٹس (پرائیویٹ) لمیٹڈ، نشاط ہوٹلز اینڈ پراپرٹیز لمیٹڈ اور سیفائر فائبرز لمیٹڈ شامل تھے۔

بعد ازاں مئی 2026 میں مسابقتی کمیشن آف پاکستان (سی سی پی) نے کمپٹیشن ایکٹ 2010 کے سیکشن 11 کے تحت فیز ون جائزے کے بعد رفحان میز کے حصص کی خریداری کی منظوری دی تھی۔