اسلام آباد اور خیبر پختونخوا میں 5.4 شدت کے زلزلے کے جھٹکے
- زلزلے کے باعث اسلام آباد اور شمالی پاکستان میں خوف و ہراس پھیل گیا، تاہم فوری طور پر کسی نقصان کی اطلاع نہیں ملی
محکمہ موسمیات پاکستان (پی ایم ڈی) کے مطابق اسلام آباد اور خیبر پختونخوا کے مختلف حصوں میں ریکٹر اسکیل پر 5.4 شدت کے زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے، جس سے شہریوں میں سخت خوف و ہراس پھیل گیا۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ 5.4 شدت کے اس زلزلے کا مرکز افغانستان کا خطہ ہندوکش تھا اور اس کے جھٹکے شمالی پاکستان میں بھی محسوس کیے گئے۔
رپورٹ کے مطابق زلزلے کے جھٹکے پشاور، مانسہرہ، ایبٹ آباد، صوابی، ہری پور، چارسدہ، مردان اور مالاکنڈ سمیت متعدد علاقوں میں محسوس کیے گئے۔
زلزلے کے باعث شہری اور دفاتر میں کام کرنے والے ملازمین کلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے عمارتوں سے باہر کھلی جگہوں کی طرف بھاگ نکلے۔ خوش قسمتی سے متاثرہ علاقوں سے فوری طور پر کسی جانی نقصان یا عمارتوں کو پہنچنے والے نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ملی ہے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل 3 اپریل کو بھی افغانستان کے خطہ ہندوکش میں 6.1 شدت کا شدید زلزلہ آیا تھا، جس کے جھٹکے اسلام آباد، خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں، پنجاب اور آزاد جموں و کشمیر میں محسوس کیے گئے تھے۔