کاروبار اور معیشت

مالی سال 2026-27 کا بجٹ 12 جون کو پیش کیا جائے گا، مشیر وزیرِ خزانہ

بجٹ سے قبل حکومت 11 جون کو پاکستان اکنامک سروے 2025-26 جاری کرے گی
شائع June 10, 2026 اپ ڈیٹ June 10, 2026 07:58pm

مالی سال 2026-27 کے وفاقی بجٹ کی تیاری مکمل کر لی گئی ہے، جبکہ وفاقی وزیرِ خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب 12 جون کو قومی اسمبلی میں بجٹ پیش کریں گے۔

وزیرِ خزانہ کے مشیر خرم شہزاد کی جانب سے جاری اعلان کے مطابق وفاقی بجٹ اب جمعہ 12 جون 2026 کو پارلیمان کے ایوانِ زیریں میں پیش کیا جائے گا۔

بجٹ پیش کیے جانے سے قبل حکومت 11 جون کو پاکستان اکنامک سروے 2025-26 جاری کرے گی۔

وزیرِ خزانہ محمد اورنگزیب اسلام آباد میں پاکستان سیکریٹریٹ کے پی بلاک میں دوپہر 2 بج کر 20 منٹ پر منعقدہ تقریب میں سالانہ معاشی جائزہ پیش کریں گے۔

اکنامک سروے ملک کی گزشتہ مالی سال کے دوران معاشی کارکردگی کا جامع جائزہ فراہم کرتا ہے اور سالانہ بجٹ سے قبل ایک اہم پالیسی دستاویز تصور کیا جاتا ہے۔

تازہ اعلان کے مطابق وفاقی بجٹ کی پیشی میں مزید تاخیر کی گئی ہے۔ اس سے قبل حکومت نے ابتدائی شیڈول میں تبدیلی کے بعد بجٹ 10 جون کو پیش کرنے کا عندیہ دیا تھا۔

متوقع بجٹ میں مالی سال 2026-27 کے لیے حکومت کی مالی ترجیحات، محصولات بڑھانے کے اقدامات اور اخراجاتی منصوبہ بندی پیش کیے جانے کا امکان ہے، جبکہ معیشت کو مستحکم رکھنے اور ترقی کا تسلسل برقرار رکھنے پر بھی توجہ دی جائے گی۔