سونے کی قیمت میں 2400 روپے فی تولہ کمی
- فی تولہ سونے کی قیمت ٓ475,362 اوردس گرام 407,546 روپے کا ہوگیا ، چاندی کے نرخ میں بھی کمی ریکارڈ
عالمی منڈی میں قیمتوں میں ہونی والی کمی کے تناظر میں منگل کو پاکستان میں بھی سونے کے نرخوں میں گراوٹ دیکھی گئی۔ مقامی صرافہ بازار میں کاروباری دن کے دوران سونے کی قیمت میں 2,400 روپے فی تولہ کی کمی ہوئی، جس کے بعد سونا 475,362 روپے فی تولہ کی سطح پر آ گیا۔
آل پاکستان جیمز اینڈ جیولرز صرافہ ایسوسی ایشن (اے پی جی جے ایس اے) کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق 10 گرام سونے کی قیمت بھی 2,057 روپے کی کمی کے بعد 407,546 روپے ریکارڈ کی گئی۔
اس سے قبل پیر کو صرافہ بازار میں تیزی کا رجحان رہا تھا اور سونا دن بھر میں 4,600 روپے کے اضافے کے ساتھ 477,762 روپے فی تولہ تک جا پہنچا تھا۔
عالمی مارکیٹ میں سونے کے نرخ 24 ڈالر کی گراوٹ کے ساتھ 4,530 ڈالر فی اونس (بشمول 20 ڈالر پریمیم) کی سطح پر آ گئے۔
دوسری جانب چاندی کی قیمت میں بھی کمی کا رجحان رہا اور یہ 153 روپے سستی ہو کر 8,117 روپے فی تولہ پر بند ہوئی۔