کاروبار اور معیشت

ایس ای سی پی: اپریل میں 4,082 نئی کمپنیوں کی رجسٹریشن کا نیا ریکارڈ قائم

  • کمپنیوں کی رجسٹریشن میں اضافہ دستاویزی معیشت کی جانب ایک مثبت قدم ہے، ڈاکٹر کبیر سدھو
شائع اپ ڈیٹ

سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی) نے اپریل کے دوران سب سے زیادہ کمپنیاں رجسٹریشنز کا ریکارڈ قائم کردیا۔

ایس ای سی پی کے مطابق اپریل کے دوران 4,082 نئی کمپنیاں رجسٹرڈ ہوئیں۔

حالیہ رجسٹریشنز کے بعد ملک میں رجسٹرڈ کمپنیوں کی مجموعی تعداد 294,101 تک پہنچ گئی، 30 اپریل کو ایک ہی دن میں 340 کمپنیاں رجسٹرڈ ہوئیں جو یومیہ کمپنی رجسٹریشن کا نیا ریکارڈ ہے۔

ایس ای سی پی کا کہنا ہے کہ دنیا کے 22 ممالک سے سرمایہ کاروں نے پاکستان میں کمپنیاں رجسٹر کروائیں جن میں صرف چین سے 95 شیئر ہولڈرز نے کمپنیاں رجسٹر کیں، چین کے سرمایہ کاروں کی رجسٹرڈ کمپنیوں کو مجموعی ادا شدہ سرمایہ 193 ملین روپے ہے۔

صوبائی سطح پر پنجاب 2,093 کمپنیوں کے ساتھ پہلے نمبر پر رہا۔

سی دوران اسلام آباد سے 719، سندھ سے 600، خیبرپختونخوا سے 325، گلگت بلتستان سے 276 اور بلوچستان سے 69 کمپنیاں رجسٹر ہوئیں۔

یاد رہے کہ مارچ میں 2,993 نئی کمپنیاں رجسٹرڈ کی گئی تھیں۔

چیئرمین ایس ای سی پی ڈاکٹر کبیر سدھو نے کہا کہ کمپنیوں کی رجسٹریشن میں اضافہ دستاویزی معیشت کی جانب ایک مثبت قدم ہے۔