چینی کمپنی ویشن نے پاکستان میں 16 ملین ڈالر سے زائد کا اسمارٹ میٹر پروجیکٹ حاصل کرلیا
- یہ کامیاب بولی ویشن کی مربوط توانائی کے حل میں تکنیکی مہارت اور بین الاقوامی منصوبوں کو مکمل کرنے کی صلاحیت کا منہ بولتا ثبوت ہے
چینی کمپنی ویشن ہولڈنگز لمیٹڈ نے پاکستان میں 115 ملین یوآن (تقریباً 16.85 ملین امریکی ڈالر) مالیت کے اسمارٹ میٹرنگ کنٹریکٹس حاصل کرلیے ہیں۔ یہ پیشرفت ایک ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب پاکستان اپنے پاور ڈسٹری بیوشن سسٹم کو جدید بنانے کی کوششوں میں تیزی لارہا ہے۔
کمپنی نے ایک بیان میں کہا کہ ویشن ہولڈنگز لمیٹڈ کے بورڈ آف ڈائریکٹرز یہ اعلان کرتے ہوئے خوشی محسوس کررہے ہیں کہ اپریل 2026 میں کمپنی کے ذیلی ادارے ویشن گروپ لمیٹڈ نے پاکستان میں اسمارٹ میٹرنگ مصنوعات اور معاون خدمات کے پروجیکٹ کے ٹینڈر کامیابی سے جیت لیے ہیں جن کی مالیت 115 ملین یوآن (تقریباً 131.74 ملین ہانگ کانگ ڈالر) سے زائد ہے۔
کمپنی کے مطابق یہ کامیاب بولی ویشن کی مربوط توانائی کے حل میں تکنیکی مہارت اور بین الاقوامی منصوبوں کو مکمل کرنے کی صلاحیت کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ بیرونِ ملک برسوں کے تجربے، بہترین مصنوعات اور مسلسل ترقی کرتے ہوئے مقامی سروس نیٹ ورک کی بدولت جنوبی ایشیائی مارکیٹ میں ویشن کی مجموعی مسابقت اور برانڈ کی ساکھ میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے۔
کمپنی نے مزید کہا کہ مستقبل پر نظر ڈالتے ہوئے ویشن مقامی تعاون کو مزید گہرا کرے گی، ٹیکنالوجی پر مبنی ترقی کے لیے پرعزم رہے گی اور اپنی عالمی پروجیکٹ ڈلیوری کی صلاحیتوں کو مسلسل بہتر بنائے گی تاکہ پاور گرڈز کی اعلیٰ معیاری ترقی اور عالمی سطح پر توانائی کی منتقلی میں اپنا حصہ ڈال سکے۔
گزشتہ ہفتے پاکستان کے پاور ڈویژن نے بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں (ڈسکوز) میں ایک کروڑ (10 ملین) اسمارٹ میٹرز لگانے کے لیے ورلڈ بینک گروپ کے رکن، انٹرنیشنل فنانس کارپوریشن (آئی ایف سی) کے ساتھ ٹرانزیکشن ایڈوائزری سروسز کے معاہدے (ٹاسا) پر دستخط کیے۔
اس معاہدے کے تحت آئی ایف سی ٹرانزیکشن ایڈوائزر کے طور پر کام کرے گا اور ایک کروڑ سنگل فیز کنکشنز کے لیے اسمارٹ میٹرنگ انفرااسٹرکچر کی بڑے پیمانے پر تنصیب کے سلسلے میں سروس پرووائیڈر ماڈل یا پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ فریم ورک کے لیے ایک جامع تکنیکی و تجارتی جائزہ پیش کرے گا۔
دریں اثنا کمپنی کی ویب سائٹ پر دستیاب معلومات کے مطابق، ویشن ہولڈنگز لمیٹڈ چین میں ایڈوانسڈ میٹرنگ، ایڈوانسڈ ڈسٹری بیوشن اور توانائی کی بچت کے انتظام کے شعبے میں مکمل حل فراہم کرنے والا صفِ اول کا ادارہ ہے۔
کمپنی کا ایڈوانسڈ اسمارٹ میٹرنگ کاروبار بنیادی طور پر جامع اسمارٹ میٹرز، اسمارٹ واٹر میٹرز، اسمارٹ گیس میٹرز اور الٹراسونک کیلوری میٹرز؛ مختلف میٹرز اور بجلی کے معیار کی نگرانی کرنے والے آلات، جامع انرجی ڈیٹا اکٹھا کرنے والے ٹرمینلز، لوڈ مینجمنٹ ٹرمینلز اور یوزر مینجمنٹ آلات؛ میژرمنٹ آٹومیشن سسٹمز اور مختلف ایپلی کیشن سسٹمز، سروسز اور انرجی ڈیٹا مائننگ پر مشتمل ہے۔