سونیری بینک کی جانب سے مکمل ملکیتی ذیلی ادارے کے قیام کی منظوری
- کمپنی کا قیام بینک کے کاروباری آپریشنز میں وسعت اور تنوع لانے کی غرض سے کیا گیا
سونیری بینک لمیٹڈ کے بورڈ آف ڈائریکٹرز نے پیر کو ہونے والے اپنے 216 ویں اجلاس میں بینک کی مکمل ملکیتی ذیلی کمپنی کے طور پر ایک ایسٹ مینجمنٹ کمپنی (اے ایم سی) کے قیام کی منظوری دے دی ہے۔
بینک نے پاکستان اسٹاک ایکسچینج کو ایک نوٹس کے ذریعے اس فیصلے سے آگاہ کیا۔
بینک کے مطابق اس کمپنی کا قیام بینک کے کاروباری آپریشنز میں وسعت اور تنوع لانے کی غرض سے کیا گیا ہے جو کہ سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی ) اور دیگر متعلقہ حکام سے تمام ضروری ریگولیٹری منظوریوں اور لائسنس کے حصول سے مشروط ہے۔
نوٹس میں اسٹاک ایکسچینج کو مطلع کیا گیا کہ مجوزہ کمپنی ایک ارب روپے کے ابتدائی پیڈ اپ کیپٹل (ادا شدہ سرمایہ) کے ساتھ قائم کی جائے گی جو مکمل طور پر بینک کی جانب سے فراہم اور سرمایہ کاری کیا جائے گا۔ یہ عمل ایس ای سی پی کی جانب سے ایسٹ مینجمنٹ کمپنیوں کے لیے مقررہ کردہ متعلقہ ریگولیٹری سرمائے کی ضروریات کی تعمیل میں کیا جائے گا۔
بینک نے مزید کہا ہے کہ اس حوالے سے پیش رفت جیسے ہی اہم صورت اختیار کرے گی، اسٹاک ایکسچینج کو بروقت آگاہ کر دیا جائے گا۔