دنیا

امریکی بحری ناکہ بندی کا خوراک کی فراہمی پر کوئی خاص اثر نہیں پڑا، ایران

  • ملک کے حجم کے باعث مختلف سرحدوں سے درآمد ممکن ہے، غلام رضا نوری
شائع April 22, 2026 اپ ڈیٹ April 22, 2026 01:55pm

ایران کے وزیرِ زراعت نے کہا ہے کہ امریکی بحری ناکہ بندی کا ملک کی بنیادی اشیائے ضروریہ اور خوراک کی فراہمی پر کوئی خاص اثر نہیں پڑا، کیونکہ ایران کے پاس مضبوط مقامی پیداوار اور متبادل درآمدی راستے موجود ہیں۔

وزیرِ زراعت غلام رضا نوری نے منگل کے روز کہا کہ امریکی بحری ناکہ بندی کے باوجود ہمیں بنیادی اشیا اور خوراک کی فراہمی میں کوئی مسئلہ نہیں، کیونکہ ملک کے حجم کے باعث مختلف سرحدوں سے درآمد ممکن ہے۔

سرکاری خبر رساں ادارے ایرنا کے مطابق انہوں نے مزید کہا کہ تقریباً 85 فیصد زرعی مصنوعات اور بنیادی اشیاء ملک میں ہی پیدا ہوتی ہیں، اس لیے خوراک کے حوالے سے ملک کی خود کفالت یقینی ہے۔

امریکا نے 13 اپریل کو ایران کی بندرگاہوں اور ساحلی علاقوں پر بحری ناکہ بندی عائد کی تھی، جو ایران کے ساتھ جنگ بندی کے اعلان کے چند روز بعد کی گئی۔

ایران نے اس ناکہ بندی کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے اسے جنگ بندی کی خلاف ورزی قرار دیا ہے۔