وزیر خزانہ اورنگزیب کی اقتصادی سفارتکاری میں پیش رفت
- وزیر خزانہ نے واشنگٹن میں منعقدہ آئی ایم ایف اور ورلڈ بینک کے اسپرنگ اجلاس کے آخری روز اپنے دورے کا اختتام کیا
وفاقی وزیر خزانہ و ریونیو سینیٹر محمد اورنگزیب نے واشنگٹن میں منعقدہ آئی ایم ایف اور ورلڈ بینک کے اسپرنگ اجلاس کے آخری روز اپنے دورے کا اختتام کیا، جہاں انہوں نے مختلف اور نجی شعبے کے نمائندوں سے اہم ملاقاتیں کیں۔
امریکی محکمہ خزانہ کے ڈپٹی سیکریٹری فرانسس بروک کے ساتھ ملاقات میں وزیر خزانہ نے پاکستان کی معاشی بہتری، میکرو اکنامک استحکام، بین الاقوامی کیپٹل مارکیٹس میں واپسی اور بیرونی قرضوں کے محتاط انتظام پر پیش رفت سے آگاہ کیا۔ انہوں نے معدنیات اور توانائی کے شعبوں میں سرمایہ کاری کے مواقع بھی اجاگر کیے اور منی لانڈرنگ اور دہشت گردی کی مالی معاونت کے انسداد کے نظام کو مضبوط بنانے پر گفتگو کی۔
انہوں نے بل اینڈ میلنڈا گیٹس فاؤنڈیشن کی صدر ڈاکٹر کلپنا کوچھار سے ملاقات میں پولیو کے خاتمے کو قومی ترجیح قرار دیتے ہوئے مسلسل تعاون کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے فیڈرل بورڈ آف ریونیو میں ڈیجیٹل اصلاحات، مصنوعی ذہانت پر مبنی نظام اور ٹیکس کمپلائنس اقدامات پر بھی بریفنگ دی۔
برطانیہ کے نمائندوں کے ساتھ ملاقات میں وزیر خزانہ نے پاکستان کی کرنٹ اکاؤنٹ میں بہتری اور مالی اہداف کی تکمیل کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے سعودی عرب کی مالی معاونت اور بین الاقوامی کیپٹل مارکیٹس میں پاکستان کی واپسی کا بھی ذکر کیا۔
جاپان انٹرنیشنل کوآپریشن ایجنسی (جے آئی سی اے) کے ساتھ ملاقات میں پاکستان میں واٹر سپلائی منصوبے اور ترقیاتی تعاون پر بات چیت ہوئی، جبکہ ایشین انفراسٹرکچر انویسٹمنٹ بینک کے ساتھ آئندہ سرمایہ کاری کے منصوبوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس کے علاوہ عالمی ریٹنگ ایجنسیوں اور بینکوں کے ساتھ ملاقات میں وزیر خزانہ نے آئی ایم ایف کے ساتھ اسٹاف لیول معاہدے، یورو بانڈ ادائیگیوں اور معاشی استحکام پر روشنی ڈالی۔
بعد ازاں ایک عالمی گول میز کانفرنس میں انہوں نے پاکستان کے ڈیجیٹل سماجی تحفظ کے نظام اور بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کی ڈیجیٹل تبدیلی کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ ٹیکنالوجی اور گورننس میں سرمایہ کاری ہی پائیدار ترقی کی ضمانت ہے۔