ناکام مذاکرات کے باوجود پاکستان کے ذریعے امریکہ سے رابطے جاری ہیں، ایران
ایران نے بتایا ہے کہ گزشتہ ہفتے کے آخر میں ہونے والے ناکام مذاکرات کے باوجود پاکستان کے ذریعے امریکہ کے ساتھ رابطوں کا سلسلہ جاری ہے۔
ایرانی وزارتِ خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے ہفتہ وار پریس بریفنگ میں بتایا کہ اتوار کو ایرانی وفد کی تہران واپسی کے بعد سے اب تک پاکستان کے توسط سے کئی پیغامات کا تبادلہ ہو چکا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ آج اسلام آباد مذاکرات کے تسلسل میں ایک پاکستانی وفد کی تہران آمد کا قوی امکان ہے۔
اسماعیل بقائی کا کہنا تھا کہ جوہری توانائی کے پرامن استعمال کا حق دباؤ یا جنگ کے ذریعے چھینا نہیں جا سکتا۔ یورینیم کی افزودگی کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے واضح کیا کہ اس معاملے پر بات چیت ہو سکتی ہے، تاہم ایران اپنی ضروریات کے مطابق افزودگی جاری رکھنے کے موقف پر قائم ہے۔
خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق باوثوق ذرائع کا کہنا ہے کہ امریکہ اور ایران کی مذاکراتی ٹیمیں رواں ہفتے کے آخر تک دوبارہ اسلام آباد پہنچ سکتی ہیں۔ یاد رہے کہ گزشتہ دنوں پاکستان کے دارالحکومت میں دونوں ممالک کے اعلیٰ حکام کے درمیان کئی دہائیوں بعد براہِ راست ملاقات ہوئی تھی، جو کسی بڑے بریک تھرو کے بغیر ختم ہو گئی تھی۔
مذاکرات سے وابستہ ایک ذریعے کے مطابق اگلی ملاقات کی حتمی تاریخ ابھی طے نہیں ہوئی، تاہم دونوں ممالک کے وفود جلد واپس آ سکتے ہیں۔