دنیا

ایران کا سعودی عرب کے پیٹروکیمیکل کمپلیکس پر بڑا حملہ

  • الجبیل سعودی عرب کے مشرقی حصے میں واقع دنیا کے بڑے صنعتی شہروں میں شمار ہوتا ہے
شائع اپ ڈیٹ

سعودی عرب کے مشرقی شہر الجبیل میں رات گئے ہونے والے ایرانی حملوں میں ایک بڑے پیٹروکیمیکل کمپلیکس کو نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں سابک کے پلانٹس میں آگ بھڑک اٹھی۔ خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق موقع پر موجود ایک ذریعے نے بتایا کہ دھماکوں کی آوازیں انتہائی بلند تھیں اور حملے کے بعد صنعتی تنصیبات میں آگ لگ گئی۔

الجبیل سعودی عرب کے مشرقی حصے میں واقع دنیا کے بڑے صنعتی شہروں میں شمار ہوتا ہے، جہاں اسٹیل، پیٹرول، پیٹروکیمیکلز، لبریکنٹس اور کھادیں تیار کی جاتی ہیں۔

یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب ایک روز قبل اسرائیل نے ایران کے شہر عسلویہ میں واقع سب سے بڑے پیٹروکیمیکل پلانٹ پر شدید حملہ کرنے کا دعویٰ کیا تھا، جبکہ ایرانی میڈیا نے وہاں متعدد دھماکوں کی اطلاع دی تھی۔

ادھر سعودی وزارت دفاع کے مطابق مشرقی علاقے کو نشانہ بنانے والے بیلسٹک میزائلوں کو فضائی دفاعی نظام نے ناکام بنا دیا اور سات میزائلوں کو تباہ کر دیا گیا۔ وزارت کے مطابق میزائلوں کا ملبہ توانائی تنصیبات کے قریب گرا اور نقصانات کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔

صورتحال کے پیش نظر سعودی عرب اور بحرین کو ملانے والے اہم شاہراہی پل، کنگ فہد کازوے، کو عارضی طور پر بند کر دیا گیا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ یہ اقدام حفاظتی تدابیر کے تحت کیا گیا تاکہ کسی بھی ممکنہ خطرے سے بچا جا سکے۔

سعودی عرب نے ایران پر الزام عائد کیا ہے کہ وہ خطے میں جاری کشیدگی کے دوران مسلسل توانائی تنصیبات اور بنیادی ڈھانچے کو نشانہ بنا رہا ہے، جس سے صورتحال مزید کشیدہ ہو گئی ہے۔