کاروبار اور معیشت

مارچ 2026 : مہنگائی کی شرح 7.3 فیصد ریکارڈ

  • شرح وزارتِ خزانہ کے لگائے گئے 7.5 سے 8.5 فیصد کے تخمینے سے کم رہی
شائع April 1, 2026 اپ ڈیٹ April 1, 2026 04:13pm

پاکستان بیورو آف اسٹیٹسٹکس (پی بی ایس) کی جانب سے جاری اعداد و شمار کے مطابق مارچ 2026 میں پاکستان میں افراطِ زر (مہنگائی) کی شرح سالانہ بنیادوں پر 7.3 فیصد ریکارڈ کی گئی ہے۔ یہ شرح وزارتِ خزانہ کے لگائے گئے 7.5 سے 8.5 فیصد کے تخمینے سے کم رہی ہے۔

یاد رہے کہ فروری 2026 میں کنزیومر پرائس انڈیکس (سی پی اے) 7 فیصد ریکارڈ کیا گیا تھا۔ وزارتِ خزانہ نے اپنی ماہانہ اقتصادی اپ ڈیٹ اور آؤٹ لک میں پیش گوئی کی تھی کہ مارچ کے مہینے میں مہنگائی 7.5 سے 8.5 فیصد کی حد میں رہے گی۔

رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ بیرونی محاذ پر ترسیلاتِ زر میں اضافے کی توقع ہے، خاص طور پر عید کے تہوار کے باعث سمندر پار پاکستانیوں کی جانب سے زیادہ رقوم بھیجے جانے کا امکان ہے، تاہم اس کا انحصار میزبان ممالک کے معاشی حالات پر ہوگا۔

دوسری جانب بروکریج ہاؤس عارف حبیب لمیٹڈ نے مارچ میں مہنگائی 7.6 فیصد رہنے کی توقع ظاہر کی تھی، جبکہ مارچ 2025 میں یہ شرح محض 0.7 فیصد تھی۔ ادارے کا کہنا ہے کہ گزشتہ سال مارچ میں مہنگائی کے انتہائی کم نمبرز کی وجہ سے اس سال یہ شرح زیادہ دکھائی دے رہی ہے۔