سادہ پے کی سروس بحرین میں ڈرون حملوں سے انفرااسٹرکچر کو نقصان کے بعد بند کردی گئی۔

تفصیلات کے مطابق علاقائی تناؤ میں اضافے نے پاکستان کے فن ٹیک سیکٹر کو بھی نہیں چھوڑا۔ سادہ پے کے مطابق خلیج میں حالیہ ڈرون حملوں کے نتیجے میں انفرااسٹرکچر کی بندش کے باعث اس کی ایپ تمام صارفین کیلئے آف لائن ہوگئی ہے۔

سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر شیئر کی گئی ایک اپڈیٹ میں فن ٹیک کمپنی نے بتایا کہ ایپ اس وقت صارفین کیلئے دستیاب نہیں ہے۔

کمپنی نے بتایا کہ ہمارا انفرااسٹرکچر بحرین میں ایمازون ویب سروسز (اے ڈبلیو ایس) پر چلتا ہے جو یکم مارچ کو ہونے والے ڈرون حملوں کے بعد سے تعطل کا شکار ہے۔

گزشتہ رات متاثرہ اے ڈبلیو ایس ریجن میں حالات مزید خراب ہوگئے جس کی وجہ سے صارفین کیلئے ایپ مکمل طور پر بند ہوگئی۔ سادہ پے (پرائیویٹ) لمیٹڈ پاکستان میں ایک نجی لمیٹڈ کمپنی ہے جو مالیاتی خدمات بشمول ماسٹر کارڈ ڈیبٹ کارڈ اور ڈیجیٹل والٹ فراہم کرتی ہے ۔

کمپنی نے کہا کہ خلیج اور وسیع تر خطے کی دیگر مالیاتی خدمات کی طرح، وہ بھی مشترکہ کلاؤڈ انفرااسٹرکچر کو پہنچنے والے فزیکل نقصان کے ذیلی اثرات سے نمٹ رہی ہے۔

کمپنی کا مزید کہنا تھا کہ یہ صرف سادہ پے کی انفرادی ناکامی نہیں ہے بلکہ اپنے صارفین کیلئے اسے حل کرنا ہماری ذمہ داری ہے اور ہم اسے مکمل طور پر ہنگامی بنیادوں پر دیکھ رہے ہیں۔

تاہم ایپ کی بندش کے باوجود کمپنی نے اس بات پر زور دیا کہ صارفین کی رقم مکمل طور پر محفوظ ہے۔

مزید برآں ڈیبیٹ کارڈز، اے ٹی ایم اور پی او ایس ادائیگیاں فعال ہیں۔ کمپنی کا کہنا تھا کہ ہم اس زحمت کے لیے تہہ دل سے معذرت خواہ ہیں اور آپ کے صبر و تحمل کے شکر گزار ہیں۔