پاکستان

کراچی میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان

  • موجودہ موسم کے دوران شہریوں سے درخواست ہے کہ غیر ضروری سفر سے اجتناب کریں، حکام
شائع اپ ڈیٹ

محکمہ موسمیات نے جمعرات کو کراچی سمیت سندھ کے دیگر علاقوں میں مزید گرج چمک کے ساتھ بارشوں کی پیش گوئی کی ہے۔

تازہ ترین ایڈوائزری کے مطابق کراچی ڈویژن اور صوبے کے دیگر کئی اضلاع بشمول جامشورو، حیدرآباد، ٹھٹھہ، بدین، عمرکوٹ اور میرپورخاص میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش اور کہیں کہیں ژالہ باری (اولے پڑنے) کا امکان ہے۔

لاڑکانہ، سکھر، جیکب آباد اور گھوٹکی جیسے اضلاع میں وقفے وقفے سے بارش اور گرج چمک کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے تین روزہ آؤٹ لک کے مطابق کراچی میں ہفتہ وار تعطیلات کے دوران موسم غیریقینی رہنے کا امکان ہے۔ جمعرات تک وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری رہنے کی توقع ہے، جمعہ کو شہر میں سورج نکلنے سے عارضی سکون ملے گا، تاہم ہفتے کو بارش کا ایک نیا سلسلہ صوبائی دارالحکومت کو دوبارہ متاثر کرسکتا ہے۔

محکمہ موسمیات نے متفرق مقامات پر آسمانی بجلی گرنے کے خطرے سے خبردار کیا ہے اور کسانوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ موجودہ موسمی حالات کے پیشِ نظر اپنی فصلوں کی حفاظت کیلئے فوری اقدامات کریں۔

یہ انتباہ ایسے وقت میں جاری کیا گیا جب کراچی بدھ کو شدید موسم کی لپیٹ میں آیا۔ کم از کم 16 افراد جاں بحق اور درجنوں زخمی ہوئے۔

تیز رفتار ہواؤں نے گھروں کو شدید نقصان پہنچایا اور شہر کی اہم شاہراہوں پر ٹریفک کی روانی کو درہم برہم کردیا۔

حکام نے رہائشیوں سے اپیل کی کہ موجودہ موسم کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور بجلی کے کھمبوں اور سولر پینلز سے دور رہیں۔