کاروبار اور معیشت

نیشنل بینک کے منافع میں 224 فیصد سے زائد کا بڑا اضافہ، 85.9 ارب روپے ریکارڈ

  • بینک نے 35 روپے فی حصص کے سب سے زیادہ ڈیوڈنڈ کا بھی اعلان کیا
شائع February 25, 2026 اپ ڈیٹ February 25, 2026 12:31pm

پاکستان کے سب سے بڑے کمرشل بینکوں میں سے ایک نیشنل بینک آف پاکستان نے سال 2025 میں 85.88 ارب روپے کا بعد از ٹیکس منافع حاصل کیا جو گزشتہ سال کے مقابلے میں 224 فیصد کا غیرمعمولی اضافہ ہے۔

بینک نے گزشتہ سال کے اسی عرصے میں 26.5 ارب روپے کا بعد از ٹیکس منافع حاصل کیا تھا۔

بدھ کو پاکستان اسٹاک ایکسچینج کو بھیجے گئے ایک نوٹس کے مطابق سال 2025 میں نیشنل بینک کی فی حصص آمدنی (ای پی ایل) 39.97 روپے رہی، جو کہ 2024 میں 12.21 روپے تھی۔

عارف حبیب لمیٹڈ (اے ایچ ایل) نے ایک نوٹ میں کہا کہ نیشنل بینک نے بنیادی طور پر خالص سودی آمدنی (این آئی آئی) میں بہتری کی بدولت سال 2025 میں اپنی تاریخ کا سب سے زیادہ منافع ظاہر کیا ہے۔

بینک نے 35 روپے فی حصص کے سب سے زیادہ ڈیوڈنڈ (منافع) کا بھی اعلان کیا جو کہ 350 فیصد بنتا ہے اور یہ کل منافع کے 90 فیصد کی ادائیگی کو ظاہر کرتا ہے۔

ٹاپ لائن سیکیورٹیز کے سی ای او محمد سہیل کا کہنا ہے کہ اگرچہ اقلیتی حصص یافتگان کو اس سے فائدہ ہوگا لیکن اس کا سب سے بڑا فائدہ حکومتِ پاکستان کو ہوگا جو اسٹیٹ بینک کے ذریعے تقریباً 56 ارب روپے وصول کرے گی کیونکہ بینک میں اکثریتی حصہ حکومت کا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ یہ بینک کی تاریخ میں نقد رقم کی صورت میں دی جانے والی سب سے بڑی ادائیگیوں میں سے ایک ہے جو کہ پاکستان کے بینکنگ سیکٹر میں مضبوط منافع، مستحکم کیپٹل پوزیشن اور بہتر ہوتے ہوئے آمدنی کے چکرکی عکاسی کرتی ہے۔

یہ اقدام نہ صرف مالیاتی آمدنی میں اضافہ بلکہ سرمایہ کاروں کے اعتماد کے لیے بھی ایک بڑا مثبت قدم ہے۔

اس عرصے کے دوران نیشنل بینک کی مارک اپ/ریٹرن سے حاصل ہونے والی آمدنی 2024 کے 1,089.9 ارب روپے سے کم ہوکر 2025 میں 781.2 ارب روپے رہ گئی جو کہ 28 فیصد سے زائد کی کمی کو ظاہر کرتی ہے۔

تاہم بینک کے مارک اپ اخراجات میں بھی نمایاں کمی دیکھی گئی جو 42 فیصد کمی کے ساتھ 2024 کے 918.45 ارب روپے سے کم ہوکر 2025 میں 532.54 ارب روپے رہ گئے۔

نتیجتاً بینک کی خالص مارک اپ/ریٹرن آمدنی 2025 میں 248.6 ارب روپے تک بڑھ گئی جو 2024 میں 171.4 ارب روپے تھی، یعنی 45 فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

اس عرصے کے دوران 2025 میں نیشنل بینک (این بی پی) کی فیس اور کمیشن سے ہونے والی آمدنی 34.69 ارب روپے رہی، جو گزشتہ سال اسی عرصے میں حاصل ہونے والے 29.17 ارب روپے کے مقابلے میں تقریباً 19 فیصد زیادہ ہے۔

مزید برآں نیشنل بینک کی غیر ملکی زرِ مبادلہ سے ہونے والی آمدنی میں 168 فیصد کا غیر معمولی اضافہ ریکارڈ کیا گیا جو 2025 میں 15.8 ارب روپے تک جا پہنچی۔

مزید برآں بینک کی فارن ایکسچینج آمدنی میں 168 فیصد کا زبردست اضافہ ہوا اور یہ 2025 میں 15.8 ارب روپے تک پہنچ گئی۔

دوسری جانب بینک کو سیکیورٹیز کی مد میں ہونے والی آمدنی میں 52 فیصد کی بڑی کمی کا سامنا کرنا پڑا جو 2025 میں 13.5 ارب روپے رہی جبکہ 2024 میں یہ منافع 28.2 ارب روپے تھا۔

سال 2025 کے دوران بینک کی غیر سودی آمدنی 69.6 ارب روپے رہی، نتیجتاً نیشنل بینک کی مجموعی آمدنی 2025 میں بڑھ کر 318.25 ارب روپے ہوگئی جو کہ تقریباً 32 فیصد اضافے کو ظاہر کرتی ہے۔

بینک کے آپریٹنگ اخراجات 2025 میں 129.2 ارب روپے ریکارڈ کیے گئے۔

بینک کا قبل از ٹیکس منافع 2025 میں 179.78 ارب روپے رہا جو کہ 215 فیصد کا اضافہ ہے۔

اس عرصے کے دوران نیشنل بینک نے 93.90 ارب روپے کے ٹیکس ادا کیے جبکہ 2024 میں یہ رقم 30.61 ارب روپے تھی، جو کہ ٹیکسوں کی ادائیگی میں 206 فیصد اضافے کو ظاہر کرتا ہے۔