دنیا

نومنتخب بنگلہ دیشی وزیر اعظم نے نئی کابینہ کا اعلان کر دیا

  • طارق رحمان نے انتخابات میں شاندار کامیابی کے بعد منگل کو اپنے عہدے کا حلف اٹھا لیا
شائع اپ ڈیٹ

بنگلہ دیش کے نو منتخب وزیر اعظم طارق رحمان نے اپنی پہلی کابینہ تشکیل دے دی ہے، جس میں انہوں نے ملکی معیشت کی بحالی کے لیے سابق وزیر تجارت کو اہم ذمہ داری سونپی جبکہ وزارتِ دفاع کا قلمدان اپنے پاس رکھا ہے۔ طارق رحمان نے منگل کو اپنی شاندار انتخابی کامیابی کے بعد حلف اٹھایا، جس کے ساتھ ہی 2024 کی عوامی تحریک کے نتیجے میں شیخ حسینہ کی حکومت کے خاتمے کے بعد قائم عبوری انتظامیہ کا دور ختم ہو گیا۔

50 رکنی کابینہ میں 76 سالہ تجربہ کار سیاستدان اور تاجر عامر خسرو محمود چوہدری کو وزیر خزانہ مقرر کیا گیا ہے۔ ان کا بنیادی ہدف ملک میں سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال کرنا اور معاشی ترقی کی رفتار کو تیز کرنا ہے، جو حالیہ سیاسی ہنگامہ آرائی کی وجہ سے متاثر ہوئی تھی۔

خلیل الرحمن کو وزیر خارجہ مقرر کیا گیا ہے، جو ایک تجربہ کار سفارت کار اور سابق اقوام متحدہ کے اہلکار ہیں۔ ان کے سامنے سب سے بڑا چیلنج بھارت کے ساتھ کشیدہ تعلقات کو متوازن کرنا اور خطے میں پاکستان اور دیگر ممالک کے ساتھ سفارتی روابط کو بہتر بنانا ہے۔

بھارتی وزیر خارجہ جے شنکر نے بھی انہیں مبارکباد دیتے ہوئے تعاون بڑھانے کی خواہش ظاہر کی ہے۔ کابینہ میں دیگر تجربہ کار سیاستدانوں کے ساتھ ساتھ ماہرینِ تعلیم کو بھی شامل کیا گیا ہے۔