دنیا

بھارتی بجٹ میں اقتصادی ترقی کیلئے مینوفیکچرنگ پر زور

  • وزیر خزانہ نرمالا سیتارمن نے ایشیا کی تیسری بڑی معیشت کے لیے ترجیحات بیان کیں اور غیر مستحکم عالمی ماحول کے باوجود اقتصادی نمو تیز کرنے کا عزم ظاہر کیا
شائع February 1, 2026 اپ ڈیٹ February 1, 2026 12:19pm

بھارت کے مالی سال کے بجٹ نے ملک کے مینوفیکچرنگ سیکٹر میں توسیع پر زور دیا ہے۔ وزیر خزانہ نرمالا سیتارمن نے ایشیا کی تیسری بڑی معیشت کے لیے ترجیحات بیان کیں اور غیر مستحکم عالمی ماحول کے باوجود اقتصادی نمو تیز کرنے کا عزم ظاہر کیا۔

انہوں نے کہا کہ اگلے مالی سال کا بجٹ خاص طور پر مینوفیکچرنگ سیکٹر میں ساختی اصلاحات، مضبوط مالیاتی شعبے کی تعمیر اور جدید ٹیکنالوجیز بشمول مصنوعی ذہانت میں سرمایہ کاری بڑھانے پر مرکوز ہوگا۔ مودی حکومت کوشش کر رہی ہے کہ جی ڈی پی میں موجودہ 20 فیصد سے کم مینوفیکچرنگ کا حصہ 25 فیصد تک بڑھایا جائے تاکہ ہر سال لاکھوں نئی ملازمتیں پیدا کی جا سکیں۔

حالیہ مالی سال میں بھارتی معیشت کی نمو 7.4 فیصد رہنے کی توقع ہے جبکہ مہنگائی تقریباً 2 فیصد متوقع ہے۔ حکومت کا مالی خسارہ 4.4 فیصد جی ڈی پی کے برابر رہنے کا اندازہ ہے۔ نجی سرمایہ کاری اور طلب کو بڑھانے کے لیے حالیہ مہینوں میں ٹیکس میں کمی، لیبر قوانین میں اصلاحات اور نیوکلیئر پاور سیکٹر کے کھلنے کے اقدامات کیے گئے ہیں۔

وزیر خزانہ نے کہا کہ بجٹ میں مینوفیکچرنگ کو سات شعبوں میں فروغ دینے کو ترجیح دی جائے گی، جن میں فارماسیوٹیکل، سیمی کنڈکٹر، ریئر ارتھ میگنیٹس، کیمیکلز، کیپٹل گڈز، ٹیکسٹائل اور کھیل کے سامان شامل ہیں۔ 200 صنعتی کلسٹرز کا جائزہ بھی لیا جائے گا۔

حکومت اپنے قرضے کے تناسب کو جی ڈی پی کے مقابلے میں 56.1 فیصد سے کم کر کے 55.6 فیصد کرنے کا ہدف رکھتی ہے، جس کے لیے مالی خسارہ 4.3 فیصد متوقع ہے۔ حکومت نئے مالی سال میں بانڈ مارکیٹ سے 17.2 ٹریلین روپے قرضہ حاصل کرے گی۔

اس کے علاوہ، حکومت مالیاتی شعبے کے قواعد کا جائزہ لینے کے لیے اعلیٰ سطحی کمیٹی قائم کرے گی تاکہ غیر ملکی سرمایہ کاروں کے لیے بھارت کی مارکیٹس تک رسائی آسان ہو۔ کارپوریٹ بانڈ مارکیٹ کو سپورٹ دینے کے لیے ٹوٹل ریٹرن سوآپ (ٹی آر ایس) اور میونسپل بانڈز کے ذریعے فنڈ ریزنگ میں مراعات فراہم کی جائیں گی۔

سرمایہ کاری کے شعبے میں، حکومت نے فیوچرز اور آپشنز پر لین دین کے ٹیکس میں اضافہ کیا تاکہ ایکویٹی ڈیریویٹوز مارکیٹ کو معتدل کیا جا سکے، جس کے بعد نفع کے حصص کا نِفٹی انڈیکس 5.5 فیصد کم ہوا۔