قیمتی دھاتوں کی قیمتیں تاریخی سطح پر، ایک تولہ سونا 5 لاکھ، چاندی 10 ہزار کے قریب
- عالمی بلین مارکیٹ میں سونا 43 ڈالر کے بڑے اضافے سے 4713 ڈالر فی اونس کی ریکارڈ سطح پر جاپہنچا
عالمی و مقامی مارکیٹوں میں سونے اور چاندی کی قیمتوں میں اضافے کا نہ رکنے والا سلسلہ جاری ہے جس کے نتیجے میں ایک تولہ سونا 5 لاکھ جب کہ ایک تولہ چاندی 10 ہزار روپے کے قریب جاپہنچا۔
عالمی بلین مارکیٹ میں منگل کو سونا 43 ڈالر کے بڑے اضافے سے 4713 ڈالر فی اونس کی ریکارڈ سطح پر جاپہنچا۔
بین الاقوامی مارکیٹ میں سونے کے نرخ میں نمایاں اضافے کے باعث مقامی سطح پر بھی فی تولہ سونا 4 ہزار 300 روپے کے بڑے اضافے سے ملکی تاریخ میں پہلی بار 4 لاکھ 93 ہزار 662 روپے کی بلند ترین سطح پر جاپہنچا۔
اسی طرح دس گرام سونے کی قیمت بھی 3 ہزار686 روپے کے بھاری اضافے سے 4 لاکھ 23 ہزار235 روپے ہوگئی۔
یاد رہے کہ پیر کو سونے کی فی تولہ قیمت 7500 روپے کے بھاری اضافے سے 4 لاکھ 89 ہزار 362 روپے کی بلند ترین سطح پر جاپہنچی تھی۔
دریں اثنا چاندی کی فی تولہ قیمت 87 روپے کے اضافے سے 9 ہزار 869 روپےکی بلند ترین سطح پر جاپہنچی۔