پاک قطر جنرل تکافل کا آئی پی او کے ذریعے 420 ملین روپے جمع کرنے کا ہدف
- بلڈنگ کا عمل 21 تا 22 جنوری کو طے کیا گیا
پاک قطر گروپ کی کمپنی پاک قطر جنرل تکافل لمیٹڈ (پی کیو جی ٹی ایل) 420 ملین روپے تک کا سرمایہ اکٹھا کرنے کیلئے آئندہ ہفتے اپنی ابتدائی عوامی پیشکش (آئی پی او) لانچ کرنے کے لیے تیار ہے۔
ایک بیان کے مطابق بک بلڈنگ کا عمل 21 تا 22 جنوری کو طے کیا گیا ہے جب کہ سرمایہ کاروں کی رجسٹریشن 16 جنوری سے شروع ہوگی۔
موجودہ پیشکش کے تحت پاک قطر جنرل تکافل لمیٹڈ 30 ملین شیئرز جاری کرے گی جن کی کم از کم قیمت (فلور پرائس) 10 روپے فی شیئر اور زیادہ سے زیادہ قیمت (سیلنگ پرائس) 14 روپے فی شیئر مقرر کی گئی ہے۔ کل پیشکش میں سے 22.5 ملین شیئرز (یعنی 75 فیصد) ادارہ جاتی سرمایہ کاروں کے لیے مختص کیے جائیں گے جبکہ 7.5 ملین شیئرز (یعنی 25 فیصد) عام عوام کے لیے پیش کیے جائیں گے۔ عوام کے لیے سبسکرپشن (خریداری کا عمل) 28 اور 29 جنوری کے لیے طے کیا گیا ہے۔
آئی پی او کے بعد پی کیو جی ٹی ایل پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) پر فہرست ہونے والی پہلی مخصوص جنرل (نان لائف) تکافل کمپنی بن جائے گی، یہ پیش رفت ایک ایسے وقت میں ہو رہی ہے جب بینچ مارک کے ایس ای 100 انڈیکس مسلسل نئی تاریخی بلندیوں کو چھو رہا ہے۔
کمپنی کے مطابق پاک قطر جنرل تکافل لمیٹڈ نے ابتدائی عوامی پیشکش کے ذریعے فنڈز اکٹھا کرنے کے لیے عارف حبیب لمیٹڈ کو مشیر اور بک رنر مقرر کیا ہے۔
یہ آئی پی او گزشتہ ماہ ’پاک قطر فیملی تکافل لمیٹڈ‘ کی کامیاب لسٹنگ کے بعد سامنے آیا ہے جس نے 18.02 روپے فی شیئر کی اسٹرائیک پرائس پر 901 ملین روپے اکٹھے کیے تھے۔
وہ پیشکش جو پاکستان میں کسی بھی مخصوص فیملی تکافل کا سب سے بڑا آئی پی او تھا اسے مقررہ حد سے 3.5 گنا زیادہ سبسکرپشن حاصل ہوئی جو شریعت کے مطابق مالیاتی مصنوعات کے لیے سرمایہ کاروں کی گہری دلچسپی کی عکاسی کرتی ہے۔
آئی پی او سے حاصل ہونے والی رقم اسٹریٹجک اقدامات کے لیے استعمال کی جائے گی، جس میں ’سافٹ ویئر اور دیگر انٹینجیبل اثاثے، ہارڈ ویئر اور انفرااسٹرکچر میں سرمایہ کاری، مارکیٹنگ اور برانڈ کی تشہیر، انسانی وسائل (ہیومن ریسورس) کی بہتری، اور نئی شاخوں کا قیام شامل ہے۔ اس کے ساتھ موجودہ شاخوں کی کایا پلٹ کی جائے گی تاکہ آپریشنل کارکردگی اور صارفین کے تجربے کو مزید بہتر بنایا جا سکے۔
پی کیو جی ٹی ایل پاک-قطر گروپ کا حصہ ہے، جو پاکستان کا ممتاز اور بانی اسلامی مالیاتی خدمات کا گروپ ہے اور قطر میں قائم مالیاتی اداروں کی معاونت یافتہ ہے۔