موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات سے نمٹنے کیلئے پاکستان اور اے ڈی بی کے درمیان 304.5 ملین ڈالر کے 2 منصوبوں پر دستخط
- 180.5 ملین ڈالر کے سندھ کوسٹل ریزیلینس اور 124 ملین ڈالر کے پنجاب کلائمیٹ ریزیلینٹ اور زرعی میکانائزیشن پراجیکٹ پر دستخط ہوئے
حکومت پاکستان اور ایشیائی ترقیاتی بینک (اے ڈی بی) کے درمیان 304.5 ملین ڈالر کے 2 منصوبوں پر دستخط ہو گئے ہیں، ان منصوبوں کا بنیادی مقصد موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات سے نمٹنا ہے۔
ترجمان اقتصادی امور کے مطابق منصوبوں کا بنیادی مقصد کلائمیٹ ریزیلینس کا فروغ ہے، یعنی موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات سے نمٹنا ہے، 180.5 ملین ڈالر کے سندھ کوسٹل ریزیلینس سیکٹرپراجیکٹ پردستخط ہوئے جب کہ 124 ملین ڈالر کے پنجاب کلائمیٹ ریزیلینٹ اور زرعی میکانائزیشن پراجیکٹ پر دستخط ہوئے۔
سیکرٹری اقتصادی امور محمد حمیر کریم نے اے ڈی بی کے پاکستان کے لیے ایک معتبر ترقیاتی شراکت دار کے طور پر کردار اور موسمیاتی مزاحمت، پائیدار زراعت، اور جامع ترقی کے فروغ میں اس کی مسلسل معاونت کو سراہا۔
انہوں نے بتایا کہ سندھ کوسٹل ریزیلینس پراجیکٹ ماحولیاتی تبدیلی کے باعث پیدا ہونے والے خطرات سے نمٹنے اور ساحلی آبادیوں کے تحفظ میں کلیدی کردار ادا کرے گا۔
سیکرٹری اقتصادی امورنے کہا کہ سندھ کوسٹل ریزیلینس پراجیکٹ کے لیے ایشیائی ترقیاتی بینک 140 ملین ڈالر قرض جب کہ 0.5 ملین ڈالر کی تکینکی گرانٹ فراہم کرے گا، اس منصوبے سے ٹھٹہ سجاول اور بدین کے اضلاع براہ راست مستفید ہوں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب کلائمیٹ ریزیلینٹ پراجیکٹ پنجاب کے 30 اضلاع میں زرعی پیداوار اور ماحولیاتی لچک کو فروغ دے گا۔
پنجاب کلائمیٹ ریزیلینٹ پراجیکٹ کے لیے ایشیائی ترقیاتی بینک 120 ملین ڈالر قرض جب کہ 4 ملین ڈالر گرانٹ فراہم کرے گا، منصوبے کے لیے پنجاب حکومت بھی 5 ملین ڈالر فراہم کرے گی۔
سیکرٹری اقتصادی امور نے مزید کہا کہ اس منصوبے کے تحت چھوٹے کاشتکاروں کو کلائمیٹ اسمارٹ زرعی مشینری تک بہتر رسائی فراہم کی جائے گی۔
کنٹری ڈائریکٹر اے ڈی بی نے کہا کہ سندھ کوسٹل ریزیلینس پراجیکٹ ماحولیاتی تبدیلی کے باعث پیدا ہونے والے خطرات سے نمٹنے اور ساحلی آبادیوں کے تحفظ میں کلیدی کردار ادا کرے گا، پنجاب زرعی میکانائزیشن پراجیکٹ زراعت کی جدید کاری اور اخراج میں کمی کے لیے ایک نہایت اہم قدم ہے۔
کاپی رائٹ بزنس ریکارڈر 2025