کاروبار اور معیشت

پی آئی اے کی فروخت پر نظریں مرکوز، 100 انڈیکس معمولی کمی کے ساتھ بند

  • بینچ مارک کے ایس ای 100 انڈیکس 171,073.73 پوائنٹس پر بند ہوا
شائع اپ ڈیٹ

پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) میں منگل کو زیادہ تر رینج باؤنڈ (محدود دائرے میں) سیشن دیکھا گیا جہاں سرمایہ کاروں کے محتاط رویے کی وجہ سے100 انڈیکس میں ٹریڈنگ تنگ دائرے تک محدود رہی۔

تجارتی سیشن کے دوران ملا جلا رجحان دیکھا گیا، کاروبار کا آغاز مثبت زون میں ہوا تاہم دوپہر کے بعد مارکیٹ میں بتدریج کمی دیکھنے میں آئی جو منافع نکالنے اور محتاط تجارت کی عکاسی کرتی ہے۔

کاروبار کے اختتام پر بینچ مارک انڈیکس 171,073.73 پوائنٹس پر بند ہوا، جو 130.44 پوائنٹس یا 0.08 فیصد کی معمولی کمی کو ظاہر کرتا ہے۔

منگل کے روز تمام نظریں پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) میں 75 فیصد حصے کی بولی پر مرکوز رہیں، جہاں تین کنسورشیمز نے قومی پرچم بردار فضائی ادارے کے کنٹرول کے لیے اپنی مہر بند بولیاں جمع کرائیں۔

یاد رہے کہ پیر کو کے ایس ای 100 انڈیکس 200.31 پوائنٹس یا 0.12 فیصد کی کمی کے ساتھ 171,204.18 پوائنٹس پر بند ہوا تھا۔

بین الاقوامی سطح پر ایشیا کی مارکیٹس اور قیمتی دھاتوں میں منگل کو اضافہ دیکھا گیا، کیونکہ تہواروں کی تعطیلات سے قبل سرمایہ کاروں کی جانب سے خریداری کے رجحان میں اضافہ ہوا۔ اس کے علاوہ، آج دن کے آخری حصے میں امریکہ کی جی ڈی پی کے ابتدائی اعداد و شمار کی اشاعت متوقع ہے۔

کمزور ین (جاپانی کرنسی) کو کچھ استحکام ملا، کیونکہ تاجر جاپانی حکام کی جانب سے کرنسی کی گراوٹ روکنے کے کسی بھی ممکنہ مداخلت کے اشاروں پر نظر رکھے ہوئے ہیں۔ جمعہ کو بینک آف جاپان کی جانب سے شرح سود میں متوقع اضافے کے بعد یین کی قدر میں کمی میں تیزی دیکھی گئی تھی۔

دنیا کے زیادہ تر حصوں میں چھٹیوں کی وجہ سے یہ ہفتہ مختصر ہے، تاہم سرمایہ کار آئندہ دنوں میں امریکی اقتصادی رپورٹس کے ایک بڑے سلسلے کا جائزہ لے سکیں گے، جو گزشتہ ماہ طویل حکومتی شٹ ڈاؤن کی وجہ سے مؤخر ہوئی تھیں۔ منگل کو تیسرے سہ ماہی کی ترقی کے اعداد و شمار جاری کیے جائیں گے، جن کے مطابق توقع کی جا رہی ہے کہ امریکی معیشت نے مضبوط اور مسلسل نمو جاری رکھی ہے۔

سالانہ ترقی کی شرح 3.3 فیصد متوقع ہے جو پچھلی سہ ماہی کے مقابلے میں قدرے کم ہے جس کی وجہ درآمدات میں تیز کمی ہے جو سال کے آغاز میں ٹیرفز کے تعارف سے قبل ہوئی تھی۔

اس کے باوجود مارکیٹ کا مزاج خوشگوار رہا، اور جاپان کے علاوہ ایشیا-پیسیفک شیئرز کا ایم ایس سی آئی وسیع ترین انڈیکس ابتدائی تجارت میں 0.31 فیصد بڑھ گیا، جبکہ ٹوکیو کا نکیئی 0.1 فیصد اضافے کے ساتھ بند ہوا۔ ایس اینڈ پی 500 فیوچرز میں زیادہ تبدیلی نہیں آئی، جبکہ نسڈیک فیوچرز 0.11 فیصد بڑھے۔

دریں اثناء انٹر بینک مارکیٹ میں منگل کے روز امریکی ڈالر کے مقابلے میں پاکستانی روپیہ معمولی بہتری کے ساتھ بند ہوا۔ کاروبار کے اختتام پر مقامی کرنسی 280.21 پر بند ہوئی، جو ڈالر کے مقابلے میں ایک پیسے کا اضافہ ہوا۔

تمام شیئرز انڈیکس پر حجم 684.55 ملین سے کم ہو کر 650.14 ملین ریکارڈ ہوا، جبکہ شیئرز کی مجموعی مالیت 30.1 ارب روپے سے گر کر 28.26 ارب روپے رہ گئی۔

پی آئی اے ہولڈنگ کمپنی حجم کے لحاظ سے سب سے آگے رہی جس میں 45.03 ملین شیئرز کا لین دین ہوا، اس کے بعد کے-الیکٹرک لمیٹڈ کے 39.47 ملین اور پی ٹی سی ایل کے 32.27 ملین شیئرز شامل تھے۔

منگل کو مجموعی طور پر 481 کمپنیوں کے شیئرز کا کاروبار ہوا، جن میں سے 151 کے شیئرز میں اضافہ، 287 میں کمی اور 43 میں کوئی تبدیلی نہیں ہوئی۔