ماسکو میں کار بم دھماکا ، روسی جنرل ہلاک ، تفتیش کار
- تفتیش کاروں کا کہنا ہے کہ حملے کے یوکرینی خصوصی فورسز سے منسلک ہونے کے امکان سمیت مختلف پہلوؤں پر تحقیقات جاری ہیں
جنوبی ماسکو میں گاڑی کے نیچے نصب دھماکہ خیز مواد پھٹنے کے نتیجے میں سینئر روسی جنرل ہلاک ہو گئے۔
بڑے جرائم کی تحقیقات کرنے والی روسی تحقیقاتی کمیٹی نے بیان میں کہا ہے کہ جنرل اسٹاف کے تربیتی شعبے کے سربراہ لیفٹیننٹ جنرل فانیل سروروف کے قتل کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔
کمیٹی کے مطابق تفتیش کے دوران اس امکان کو بھی دیکھا جا رہا ہے کہ آیا یہ حملہ یوکرینی خصوصی فورسز سے منسلک تھا یا نہیں۔
فروری 2022 میں روس کی جانب سے یوکرین میں فوج بھیجنے کے بعد روس اور اس کے زیرِ کنٹرول یوکرینی علاقوں میں روسی فوجی اہلکاروں اور کریملن نواز شخصیات کو نشانہ بنانے والے کئی حملوں کا الزام کیف پر عائد کیا جاتا رہا ہے۔
اپریل میں جنرل اسٹاف کے نائب جنرل یاروسلاو موسکالک ماسکو کے قریب کار بم دھماکے میں مارے گئے تھے۔
دسمبر 2024 میں روسی ریڈیالوجیکل، کیمیائی اور حیاتیاتی دفاعی فورسز کے سربراہ ایگور کریلوف اس وقت مارے گئے تھے جب ماسکو میں ایک بارودی سرنگ سے لیس الیکٹرک اسکوٹر پھٹ گیاتھا، جس کی ذمہ داری یوکرین کی سیکیورٹی سروس ایس بی یو نے قبول کی تھی۔