خام تیل کی قیمتوں میں بدھ کو معمولی اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ واضح رہے کہ خام تیل کی قیمتوں میں گزشتہ روز 3 فیصد سے زائد ہوا تھا، یہ اضافہ اس وقت دیکھنے میں آیا جب ممکنہ سپلائی کی قلت پر توجہ مرکوز ہوئی کیونکہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ماسکو کو یوکرین میں جنگ ختم کرنے کے لیے محدود مہلت دی۔
برینٹ خام تیل کے سودے 14 سینٹ یعنی 0.19 فیصد اضافے سے 72.65 ڈالر فی بیرل پر پہنچ گئے جبکہ امریکی ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ (ڈبلیو ٹی آئی) خام تیل کی قیمت میں 2 سینٹ یعنی 0.03 فیصد اضافہ ہوا جس کے بعد وہ 69.23 ڈالر فی بیرل پر ٹریڈ ہوئے۔
دونوں کنٹریکٹس نے منگل کو 20 جون کے بعد اپنی بلند ترین سطح پر اختتام کیا۔
منگل کو ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ اگر روس نے آئندہ 10 سے 12 دن کے اندر جنگ کے خاتمے کے حوالے سے کوئی پیش رفت نہ کی، تو وہ اس پر سخت اقدامات عائد کرنا شروع کر دیں گے، جن میں روس کے تجارتی شراکت داروں پر 100 فیصد ثانوی محصولات بھی شامل ہوں گے۔ یہ مہلت پہلے 50 دن تھی، جسے کم کر کے اب فوری طور پر لاگو کرنے کا عندیہ دیا گیا ہے۔
آئی این جی کے تجزیہ کاروں نے ایک نوٹ میں کہ کہ موثر ثانوی 100 فیصد محصولات تیل کی منڈی میں ایک ڈرامائی تبدیلی کا باعث بنیں گی۔ روسی تیل کے کئی اہم خریدار خاص طور پر امریکہ کے بڑے تجارتی شراکت دار، غالباً خریداری جاری رکھنے سے ہچکچائیں گے۔
اگرچہ اس صورتحال سے اوپیک پلس کو اضافی پیداوار میں کمی کے کچھ حصے ختم کرنے کی گنجائش ملتی ہے، لیکن بدترین صورتِ حال میں مارکیٹ پھر بھی سپلائی کی کمی کا شکار رہے گی۔
امریکی وزیر خزانہ اسکاٹ بیسنٹ نے اسٹاک ہوم میں ایک پریس کانفرنس کے دوران، جہاں امریکا اور یورپی یونین کے درمیان تجارتی مذاکرات ہو رہے تھے، بتایا کہ امریکا نے چین — جو روسی تیل کا سب سے بڑا خریدار ہے — کو خبردار کیا ہے کہ اگر وہ روسی تیل کی خریداری جاری رکھتا ہے تو اسے بھاری محصولات کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے۔
جے پی مورگن کے تجزیہ کاروں نے ایک نوٹ میں کہا کہ اگرچہ چین کے لیے امریکی پابندیوں پر عمل درآمد کا امکان کم ہے، لیکن بھارت نے اشارہ دیا ہے کہ وہ ان پر عمل کرے گا، جس سے روس کے 23 لاکھ بیرل یومیہ تیل کی برآمدات خطرے میں پڑ سکتی ہیں۔