ایم ایل 1 منصوبے کے جائزے کا مرحلہ 30 اکتوبر تک مکمل کرنے کی ہدایت
چیئرمین پاکستان ریلویز سید مظہر علی شاہ نے ایم ایل-1 منصوبے کے جائزے کا مرحلہ 30 اکتوبر 2026 تک مکمل کرنے کی ہدایت کردی۔ انہوں نے منصوبے پر پیش رفت کی ہفتہ وار بنیادوں پر نگرانی اور جائزے کا حکم بھی دیا۔
اجلاس میں کراچی روہڑی سیکشن کی اپ گریڈیشن سمیت منصوبے کی تیاری، پیش رفت اور آئندہ کے لائحہ عمل کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ فیصلہ کیا گیا کہ منصوبے کے لیے مارکیٹ مشاورت کا دوسرا مرحلہ 8 ستمبر سے شروع ہوگا، جس میں ماہرین اور متعلقہ اسٹیک ہولڈرز سے تکنیکی امور اور منصوبے کی تیاری پر مشاورت کی جائے گی۔
چیئرمین نے کہا کہ ایم ایل-1 کو جدید، مؤثر اور قابلِ عمل بنانے کے لیے عالمی تجربات، ماہرین کی آرا اور مارکیٹ تجاویز سے استفادہ کیا جائے گا جبکہ منصوبے کے تمام مراحل میں میرٹ، شفافیت اور مسابقت یقینی بنائی جائے گی۔
وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی نے پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایم ایل-1 پاکستان ریلویز کی جدید کاری کی بنیاد ہے، جس سے ٹرینوں کی رفتار، مسافروں کی سہولیات اور مجموعی کارکردگی بہتر ہوگی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے بھی منصوبہ مقررہ مدت میں مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے۔





















Comments