پاک بحریہ نے اورماڑہ کے مشرق میں ڈوبنے والے مال بردار دھاؤ کے عملے کے 20 ارکان کو بچا لیا
- مال بردار دھاؤ کراچی سے خلیجِ عمان کی جانب رواں تھا
پاک بحریہ نے پاکستان میری ٹائم سکیورٹی ایجنسی (پی ایم ایس اے) کے تعاون سے اورماڑہ کے مشرق میں ڈوبنے والے ایک مال بردار دھاؤ کے تمام 20 ارکانِ عملہ کو بحفاظت بچا لیا۔ پاک بحریہ نے جمعرات کو جاری بیان میں یہ اطلاع دی ہے۔
تفصیلات کے مطابق کراچی سے خلیجِ عمان جانے والا یہ مال بردار دھاؤ شدید پانی بھر جانے کے باعث خطرے میں پڑ گیا۔ سمندر میں خراب ہوتے موسمی حالات نے صورتحال کو مزید سنگین بنا دیا، جس سے جہاز اور اس کے عملے کی جانوں کو فوری خطرہ لاحق ہو گیا۔
بیان میں کہا گیا ہے، ”امدادی پیغام موصول ہوتے ہی جوائنٹ میری ٹائم انفارمیشن کوآرڈی نیشن سینٹر (جے ایم آئی سی سی) نے فوری طور پر پاک بحریہ سے رابطہ کیا، جس کے بعد سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن کا فوری آغاز کیا گیا۔“
بیان کے مطابق، ”پاک بحریہ نے فوری کارروائی کرتے ہوئے اپنے بحری اور فضائی وسائل روانہ کیے۔ ریسکیو آپریشن کے لیے پاک بحریہ کے جہاز پی این ایس حنین کا رخ فوری طور پر جائے وقوعہ کی جانب موڑ دیا گیا، جبکہ فضائی نگرانی اور انخلا میں معاونت کے لیے سی کنگ ہیلی کاپٹر بھی تعینات کیا گیا۔“
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ پاک بحریہ کی بروقت اور پیشہ ورانہ کارروائی کے نتیجے میں دھاؤ کے تمام 20 ارکانِ عملہ کو بحفاظت بچا لیا گیا، جنہیں ضروری طبی امداد اور دیکھ بھال فراہم کی جا رہی ہے۔























Comments