ڈالر کے مقابلے روپے کی قدر میں معمولی اضافہ
- ڈالر کے مقابلے میں روپیہ ایک پیسے کی بہتری سے 279.36 پر بند
انٹربینک مارکیٹ میں منگل کو ڈالر کے مقابلے روپے کی قدر میں معمولی اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
کاروبار کے اختتام پر ڈالر کے مقابلے میں روپیہ ایک پیسے کی بہتری سے 279.36 پر بند ہوا۔
یاد رہے کہ پیر کو مقامی کرنسی 279.37 روپے پر بند ہوئی تھی۔
عالمی سطح پر منگل کو ان قیاس آرائیوں کی بنیاد پر کہ مشرقِ وسطیٰ کی جنگ محدود ثابت ہوسکتی ہے، امریکی ڈالر کی سیف ہیون کے طور پر کشش میں کچھ کمی آئی جس نے آسمان سے باتیں کرتی تیل کی قیمتوں کو نیچے دھکیل دیا اور پرخطر اثاثوں کی قدر میں اضافہ کیا۔
ایشیا میں ابتدائی تجارت کے دوران ڈالر 157.73 ین اور 1.1632 ڈالر فی یورو پر مستحکم رہا لیکن گزشتہ روز کی بلند ترین سطح سے پیچھے ہٹ گیا ہے۔ یہ کمی امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے اس بیان کے بعد آئی جس میں انہوں نے کہا کہ ایران کے خلاف جنگ تقریباً مکمل ہو چکی ہے۔ انہوں نے سی بی ایس نیوز کو بتایا کہ واشنگٹن اپنے ابتدائی چار سے پانچ ہفتوں کے تخمینے سے بہت آگے ہے۔
ایرانی پاسدارانِ انقلاب نے ان بیانات کو فوری طور پر مسترد کردیا، تاہم ایسا معلوم ہوتا ہے کہ ان تبصروں نے تاجروں کو تیل کی قیمتوں میں بڑے اضافے کے بارے میں مزید گہری تشویش میں مبتلا ہونے سے روک دیا اور انہیں انتظار کرو اور دیکھوکی پالیسی پر مائل کر دیا۔
ادھر آسٹریلوی ڈالر 70 سینٹس کے قریب منڈلا رہا تھا، اب 0.7068 ڈالر کے قریب مستحکم ہو گیا ہے۔
ڈالر تاجروں کے لیے پسندیدہ پناہ گاہ بنا ہوا ہے کیونکہ ایران پر امریکہ اور اسرائیل کے حملوں نے آبنائے ہرمز کے ذریعے تیل اور گیس کی برآمدات کو تقریباً معطل کر دیا ہے، جس سے توانائی کی قیمتیں آسمان پر پہنچ گئی ہیں۔
سرمایہ کاروں کو خدشہ ہے کہ یہ صورتحال کاروبار اور کھپت پر ٹیکس کی طرح اثر انداز ہو کر عالمی معاشی ترقی کو روک سکتی ہے اور ساتھ ہی مرکزی بینکوں کو شرح سود میں کمی سے باز رکھ سکتی ہے۔
برطانوی پاؤنڈ پیر کی گراوٹ سے سنبھل کر 1.3412 ڈالر پر برقرار رہا، جبکہ نیوزی لینڈ کا ڈالر 0.5932 ڈالر پر مستحکم رہا۔
تیل کی قیمتیں، جو کرنسی کی برابری کا ایک اہم اشاریہ ہیں، منگل کو گِر گئیں، بعد ازاں جب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے پیش گوئی کی کہ مشرقِ وسطیٰ میں جنگ جلد ختم ہو سکتی ہے، جس سے عالمی تیل کی رسد میں طویل خلل کے خدشات کم ہوئے۔
برینٹ فیوچرز 7.15 ڈالر یا 7.2 فیصد کمی کے ساتھ 91.81 ڈالر فی بیرل پر بند ہوئے، جبکہ امریکی ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ (ڈبلیو ٹی آئی ) کروڈ 6.26 ڈالر یا 6.6 فیصد کمی کے ساتھ 88.51 ڈالر فی بیرل پر رہا۔ دونوں معاہدے دن کے آغاز میں 11 فیصد تک گر چکے تھے۔
انٹر بینک مارکیٹ میں منگل کے لیے ڈالر کی شرح:
قیمت خرید: 279.36 روپے
قیمت فروخت: 279.56 روپے

























Comments