پاکستان کا لیبیا کے ساتھ دفاعی تعلقات کو مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ
- چیف آف ڈیفنس فورسز ،آرمی چیف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے لیبیائی عرب مسلح افواج کے کمانڈر انچیف فیلڈ مارشل خلیفہ بالقاسم حفتر اور لیبیائی عرب مسلح افواج کے ڈپٹی کمانڈر انچیف لیفٹیننٹ جنرل صدام خلیفہ حفتر سے ملاقات
پاکستان نے جمعرات کو اپنے مشترکہ مفادات کی بنیاد پر لیبیا کے ساتھ دفاعی تعلقات کو مضبوط کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔
چیف آف ڈیفنس فورسز ،آرمی چیف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر لیبیا کے سرکاری دورے کے دوران لیبیائی عرب مسلح افواج کے کمانڈر انچیف فیلڈ مارشل خلیفہ بالقاسم حفتر اور لیبیائی عرب مسلح افواج کے ڈپٹی کمانڈر انچیف لیفٹیننٹ جنرل صدام خلیفہ حفتر سے ملاقات کی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر کی آمد پر لیبیائی مسلح افواج کے ایک چاک و چوبند دستے نے فیلڈ مارشل کو گارڈ آف آنر پیش کیا۔
فیلڈ مارشل اور خلیفہ حفتر کے درمیان ہونے والی ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی سلامتی کی صورتحال اور دوطرفہ دفاعی و عسکری تعاون کو بڑھانے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
دونوں اطراف نے تربیت، استعداد کار میں اضافے اور دہشت گردی کے خاتمے کے شعبوں میں تعاون کی اہمیت پر زور دیا۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے مشترکہ مفادات کی بنیاد پر لیبیا کے ساتھ دفاعی تعلقات کو مضبوط بنانے کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔
فیلڈ مارشل خلیفہ حفتر نے پاک مسلح افواج کی پیشہ ورانہ مہارت کو سراہا اور دونوں ممالک کے درمیان دفاعی تعاون کو مزید وسعت دینے کی خواہش کا اظہار کیا۔



















Comments