پاکستان کی معاشی ترقی میں سیمنٹ کا شعبہ ایک اہم کردار ادا کرتا ہے، جو ملک بھر میں انفراسٹرکچر، ہاؤسنگ اور صنعتی منصوبوں کے لیے ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے۔ صنعتی پیداوار کے منظرنامے میں یہ شعبہ نہ صرف مجموعی قومی پیداوار (جی ڈی پی) میں نمایاں حصہ ڈالتا ہے بلکہ ہزاروں ملازمتوں کی بھی فراہمی کرتا ہے۔
پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) میں مضبوط موجودگی کے باعث، سیمنٹ کمپنیاں طویل عرصے سے سرمایہ کاروں کے لیے ایک کلیدی شعبہ تصور کی جاتی رہی ہیں۔
یہ رپورٹ پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں لسٹڈ ٹاپ 10 سیمنٹ کمپنیوں کا جائزہ پیش کرتی ہے، جنہیں 4 اگست 2025 تک کی مارکیٹ کیپیٹلائزیشن کی بنیاد پر درجہ بندی کیا گیا ہے۔
- لکی سیمنٹ لمیٹڈ (لکی) (1,900 ملین ڈالر)
لکی سیمنٹ لمیٹڈ [پی ایس ایکس:لکی]، یونس برادرز گروپ کی فلیگ شپ کمپنی ہے۔ اس کا قیام 1993 میں عمل میں آیا۔ لکی سیمنٹ پاکستان میں سب سے بڑے پیداواری اداروں میں سے ایک ہے اور سیمنٹ کا ایک اہم برآمد کنندہ بھی ہے۔
مئی 2025 میں، کمپنی نے اعلان کیا کہ اس نے سمعوہ، عراق میں واقع مشترکہ منصوبہ کمپنی ’نجمۃ السمعوہ (این اے ایس)‘ میں اپنی نئی کلنکر پیداواری لائن کے لیے کامیابی سے بھٹی کو جلایا ہے۔ یہ سنگ میل کمپنی کے توسیعی منصوبوں کی جانب ایک اہم پیش رفت کے طور پر دیکھا گیا۔
فروری میں، لکی سیمنٹ نے اسٹاک ایکسچینج کو مطلع کیا کہ اس کے بورڈ آف ڈائریکٹرز نے حصص داروں کی منظوری سے مشروط، ایکویٹی شیئرز کی ذیلی تقسیم کی تجویز دی ہے۔
گزشتہ سال، کمپنی نے اپنے کراچی پلانٹ میں 28.8 میگاواٹ کے کیپٹیو ونڈ پاور پراجیکٹ کی تکمیل اور تنصیب مکمل کی۔
پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں لکی سیمنٹ کی مارکیٹ کیپیٹلائزیشن 1,900 ملین ڈالر ہے۔
- بیسٹ وے سیمنٹ لمیٹڈ (بی ڈبلیو سی ایل) (1,100 ملین ڈالر)
بیسٹ وے سیمنٹ لمیٹڈ (پی ایس ایکس: بی ڈبلیو سی ایل) ایک پبلک لمیٹڈ کمپنی ہے جو 1993 میں پاکستان میں شامل کی گئی۔ کمپنی بنیادی طور پر سیمنٹ کی پیداوار اور فروخت کے کاروبار سے وابستہ ہے۔ بیسٹ وے سیمنٹ، بیسٹ وے انٹرنیشنل ہولڈنگز لمیٹڈ (بی آئی ایچ ایل) کی ذیلی کمپنی ہے، جو اس میں 56.43 فیصد حصص کی مالک ہے۔
بیسٹ وے انٹرنیشنل ہولڈنگز لمیٹڈ، بیسٹ وے گروپ لمیٹڈ (بی جی ایل) کی مکمل ملکیتی ذیلی کمپنی ہے، جو آخری پیرنٹ کمپنی ہے۔ بی آئی ایچ ایل اور بی جی ایل دونوں کا اندراج گرنزی میں ہوا ہے۔
2023 میں، بیسٹ وے سیمنٹ نے اپنےحطار پلانٹ میں ایک براؤن فیلڈ لائن کی تعمیر اور تنصیب مکمل کرنے کا اعلان کیا۔
پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں بیسٹ وے سیمنٹ کی مارکیٹ کیپیٹلائزیشن 1,100 ملین ڈالر ہے۔
- فوجی سیمنٹ کمپنی لمیٹڈ (ایف سی سی ایل) (400 ملین ڈالر)
فوجی سیمنٹ کمپنی لمیٹڈ (پی ایس ایکس:ایف سی سی ایل) کو پاکستان میں 1992 میں ایک پبلک کمپنی کے طور پر شامل کیا گیا، اور اس نے 1993 میں اپنے آپریشنز کا آغاز کیا۔ کمپنی مختلف اقسام کے سیمنٹ کی تیاری اور فروخت کے کاروبار میں مصروف ہے۔
رواں سال کے آغاز میں، مورگن اسٹینلے کیپیٹل انٹرنیشنل (ایم ایس سی آئی) نے اپنے تازہ ترین ششماہی انڈیکس جائزے میں پاکستان کی سات کمپنیوں، جن میں فوجی سیمنٹ کمپنی بھی شامل ہے، کو فرنٹیئر مارکیٹ (ایف ایم) اور اسمال کیپ انڈیکسز میں شامل کیا، جس سے پاکستان کی عالمی ایکویٹی مارکیٹ میں نمایاں بہتری آئی۔
پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں فوجی سیمنٹ کی مارکیٹ کیپیٹلائزیشن 400 ملین ڈالر ہے۔
- میپل لیف سیمنٹ کمپنی (ایم ایل سی ایف) (314 ملین ڈالر)
میپل لیف سیمنٹ کمپنی لمیٹڈ (پی ایس ایکس: ایم ایل سی ایف) کو 1960 میں پاکستان میں ایک پبلک لمیٹڈ کمپنی کے طور پر شامل کیا گیا۔ یہ کمپنی سیمنٹ کی تیاری اور فروخت کے کاروبار میں مصروف ہے۔ مقامی مارکیٹ کے علاوہ، یہ کمپنی افغانستان، مشرقِ وسطیٰ اور دیگر افریقی ممالک کو بھی سیمنٹ برآمد کرتی ہے۔ کوہِ نور ٹیکسٹائل ملز لمیٹڈ، ایم ایل سی ایف کی ہولڈنگ کمپنی ہے۔
30 جون 2024 تک، ایم ایل سی ایف کے کل 1047.563 ملین جاری کردہ حصص ہیں، جو 13,778 شیئر ہولڈرز کی ملکیت میں ہیں۔ کوہِ نور ٹیکسٹائل کمپنی، 57.90 فیصد حصص کے ساتھ سب سے بڑی حصص دار ہے، جب کہ مقامی عام عوام کے پاس ایم ایل سی ایف کے 19.32 فیصد حصص ہیں۔
مارچ 2024 میں، میپل لیف نے ایگری ٹیک لمیٹڈ (اے جی ایل) کے 60 لاکھ ووٹنگ حصص حاصل کیے۔ جے ایس گلوبل، ایک بروکریج ہاؤس کے مطابق، موجودہ اے جی ایل قیمت پر ایم ایل سی ایف اور ایم ایل سی ایل کے پاس موجود 4 کروڑ 47 لاکھ شیئرز کی کل سرمایہ کاری 1.15 ارب روپے (4.1 ملین ڈالر) کے برابر ہے۔
پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں میپل لیف سیمنٹ کمپنی کی مارکیٹ کیپٹلائزیشن 314 ملین ڈالر ہے۔
- کوہاٹ سیمنٹ کمپنی لمیٹڈ (کے او ایچ سی) (292 ملین ڈالر)
کوہاٹ سیمنٹ کمپنی لمیٹڈ (پی ایس ایکس:کے او ایچ سی) کو 1984 میں اسٹیٹ سیمنٹ کارپوریشن آف پاکستان کے تحت قائم کیا گیا۔ 1992 میں حکومت نے اس کمپنی کو نجی شعبے میں دے دیا۔ یہ کمپنی 1984 میں پاکستان کی اسٹاک ایکسچینجز میں لسٹ ہوئی۔ کوہاٹ سیمنٹ کا بنیادی کاروبار سیمنٹ (گھریلو اور سفید کلنکر) کی تیاری اور فروخت ہے۔ اے این ایس کیپیٹل (پرائیویٹ) لمیٹڈ، کے او ایچ سی کی ہولڈنگ کمپنی ہے۔
گزشتہ ماہ، کوہاٹ سیمنٹ نے ایک مکمل ملکیتی ذیلی ادارے ”الٹرا پراپرٹیز (پرائیویٹ) لمیٹڈ“ کے قیام کا اعلان کیا، جو کہ کمپنی کی ریئل اسٹیٹ سیکٹر میں داخلے کی نشاندہی کرتا ہے۔ یہ نئی کمپنی تمام اقسام کی غیر منقولہ جائیدادوں کی فروخت یا کرائے پر دینے کے لیے مارکیٹنگ اور ترقی سمیت رئیل اسٹیٹ کے کاروبار کے فرائض انجام دے گی۔ اس کے قیام کا انحصار مطلوبہ ضوابطی منظوریوں اور قابل اطلاق قوانین و ضوابط کی تعمیل پر ہے۔
نومبر 2024 میں، کوہاٹ سیمنٹ نے ایک 5.34 میگا واٹ کا آن گرڈ سولر پاور پلانٹ نصب اور چالو کیا۔
پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں کوہاٹ سیمنٹ کی مارکیٹ کیپٹلائزیشن 292 ملین ڈالر ہے۔
- ڈی جی خان سیمنٹ کمپنی لمیٹڈ (ڈی جی کے سی) (279 ملین ڈالر)
ڈی جی خان سیمنٹ کمپنی لمیٹڈ (پی ایس ایکس:ڈی جی کے سی)، جو 1978 میں قائم ہوئی، پاکستان میں ایک پبلک لسٹڈ کمپنی ہے۔ یہ کمپنی کلنکر، عام پورٹ لینڈ سیمنٹ، اور سلفیٹ ریزسٹنٹ سیمنٹ کی پیداوار اور فروخت میں مصروف ہے۔ یہ ملک بھر میں اپنے 2200 سے زائد ڈیلرز کے نیٹ ورک کے ذریعے مارکیٹ کو سپلائی فراہم کرتی ہے۔ ڈی جی کے سی اپنی مصنوعات ہمسایہ ممالک کی مارکیٹوں جیسے بنگلہ دیش، افغانستان اور بیرون ملک وسطی افریقہ کو بھی برآمد کرتی ہے۔
جولائی 2024 میں، ڈی جی خان سیمنٹ نے امریکہ میں ایک مکمل طور پر ذیلی ملکیتی کمپنی قائم کرنے کا اعلان کیا۔
جنوری 2023 میں اعلان کیا گیا تھا کہ ڈی جی خان سیمنٹ امریکہ کو ہر سال 600,000 ٹن لو-الکلی سیمنٹ برآمد کرے گی۔
پاکستان اسٹاک ایکسچینج پر ڈی جی کے سی کا مارکیٹ کیپٹلائزیشن 279 ملین ڈالر ہے۔
- چیراٹ سیمنٹ کمپنی لمیٹڈ (سی ایچ سی سی) (207 ملین ڈالر)
چیراٹ سیمنٹ کمپنی لمیٹڈ (پی ایس ایکس: سی ایچ سی سی) کو پاکستان میں 1981 میں ایک پبلک لمیٹڈ کمپنی کے طور پر شامل کیا گیا۔ یہ کمپنی سیمنٹ کی تیاری، مارکیٹنگ اور فروخت کے کام میں مصروف ہے۔
اپریل 2025 میں، کمپنی نے خیبر پختونخوا میں واقع اپنے پلانٹ پر 6.065 میگاواٹ کے سولر پاور پلانٹ کے آغاز کے ساتھ اپنی قابل تجدید توانائی کے شعبے میں توسیع کا اعلان کیا۔
بعد ازاں جون میں، چیراٹ سیمنٹ اور شیرازی انویسٹمنٹس نے مشترکہ طور پر اٹک سیمنٹ پاکستان لمیٹڈ میں 84.06 فیصد اکثریتی حصص حاصل کرنے کے ارادے کا اعلان کیا۔
پاکستان اسٹاک ایکسچینج پر چیراٹ سیمنٹ کا مارکیٹ کیپٹلائزیشن 207 ملین ڈالر ہے۔
- پائنیر سیمنٹ لمیٹڈ (پی آئی او سی) (180 ملین ڈالر)
پائنیر سیمنٹ لمیٹڈ (پی ایس ایکس:پی آئی او سی) کو 1986 میں ایک پبلک لمیٹڈ کمپنی کے طور پر قائم کیا گیا۔ پنجاب میں واقع اپنے پلانٹس کے ساتھ، کمپنی کے پاس تین پیداواری لائنیں ہیں جہاں وہ سیمنٹ تیار اور فروخت کرتی ہے۔ کمپنی نے اپنے پیداواری عمل کا آغاز روزانہ 2000 ٹن کی پیداواری صلاحیت سے کیا۔ کمپنی نے 12 میگاواٹ کے ویسٹ ہیٹ ریکوری پاور پلانٹ اور 24 میگاواٹ کے کول پاور پلانٹ میں بھی سرمایہ کاری کی۔
پاکستان اسٹاک ایکسچینج پر پائنیر سیمنٹ کا مارکیٹ کیپٹلائزیشن 180 ملین ڈالر ہے۔
- اٹک سیمنٹ پاکستان لمیٹڈ (اے سی پی ایل) (138 ملین ڈالر)
اٹک سیمنٹ پاکستان لمیٹڈ (پی ایس ایکس: اے سی پی ایل) کو پاکستان میں ایک پبلک لمیٹڈ کمپنی کے طور پر 1981 میں شامل کیا گیا۔ یہ کمپنی سیمنٹ کی تیاری اور فروخت کے شعبے میں مصروف عمل ہے۔ یہ کمپنی فیرون انویسٹمنٹ گروپ لمیٹڈ ہولڈنگ ایس اے ایل، لبنان کی ذیلی ادارہ ہے۔
جون 2025 میں، چیراٹ سیمنٹ نے شرازی انویسٹمنٹس کے ساتھ مل کر اٹک سیمنٹ میں 84.06 فیصد اکثریتی حصہ خریدنے کی مشترکہ ارادے کا اعلان کیا تھا۔
اٹک سیمنٹ کی پاکستان اسٹاک ایکسچینج پر مارکیٹ کیپٹلائزیشن 138 ملین ڈالر ہے۔
- فلائنگ سیمنٹ کمپنی لمیٹڈ (فلائنگ) (120 ملین ڈالر)
فلائنگ سیمنٹ کمپنی لمیٹڈ (پی ایس ایکس: فلائنگ سیمنٹ) کو پاکستان میں ایک پبلک لمیٹڈ کمپنی کے طور پر 1992 میں شامل کیا گیا۔ یہ کمپنی سیمنٹ کی تیاری، مارکیٹنگ، اور فروخت کے شعبے میں سرگرم ہے۔
فلائنگ سیمنٹ کی پاکستان اسٹاک ایکسچینج پر مارکیٹ کیپٹلائزیشن 120 ملین ڈالر ہے۔
ہر کمپنی کی مارکیٹ کیپٹلائزیشن کا حساب پیر، 4 اگست 2025 کو لگایا گیا تھا۔
اس حساب کتاب کے لیے استعمال کی گئی شرحِ مبادلہ 1 امریکی ڈالر = 283 روپے تھی۔
مندرجہ بالا مضمون بزنس ریکارڈر (ڈیجیٹل) کے نیوز ایڈیٹر ریحان ایوب نے تحریر کیا، گرافکس میں حسین افضل اور ڈیٹا میں جنید سناور نے معاونت فراہم کی۔






















Comments
Comments are closed.