مسلسل آپریشنل معطلی کے دوران ٹیکسٹائل صنعت سے وابستہ بلال فائبرز لمیٹڈ نے جمعہ کو اعلان کیا ہے کہ وہ آئی ٹی، ہیلتھ ٹیک، اور الیکٹرک وہیکل (ای وی) کے شعبوں میں ممکنہ شمولیت کے لیے ایک جامع کاروباری منصوبہ تیار کررہا ہے۔ اس مقصد کے لیے کمپنی اسٹیک ہولڈرز، تکنیکی ماہرین اور مشیروں کے ساتھ بھرپور مشاورت میں مصروف ہے۔
لاہور میں قائم لسٹڈ کمپنی نے یہ پیشرفت پاکستان اسٹاک ایکسچینج کو جاری کردہ اپنے نوٹس میں ظاہر کی۔
کمپنی کے مطابق 30 جون 2025 کو ختم ہونے والی سہ ماہی کے دوران تمام کاروباری سرگرمیاں معطل رہیں اور کوئی نیا کاروبار انجام نہیں دیا گیا۔ تاہم، بحالی کے عمل کے پہلے مرحلے کے طور پر بورڈ آف ڈائریکٹرز نے آئی ٹی، ہیلتھ ٹیک اور ای وی کے شعبوں میں بطور ممکنہ ثانوی کاروبار ایک علیحدہ ڈویژن کے قیام کی تجویز منظور کر لی ہے۔
نوٹس میں مزید بتایا گیا ہے کہ اس فیصلے پر عمل درآمد کے لیے کاروباری منصوبے کو حتمی شکل دی جا رہی ہے، جس کے لیے ماہرین اور مشیروں سے مشاورت جاری ہے۔
گزشتہ ماہ، بلال فائبرز نے ان نئے شعبوں میں داخلے کے منصوبے کا باضابطہ اعلان کیا تھا، تاہم کمپنی نے واضح کیا تھا کہ ٹیکسٹائل اس کا بنیادی کاروباری شعبہ برقرار رہے گا۔
دوسری جانب کمپنی نے بورڈ میں تبدیلی کی بھی اطلاع دی ہے، جس کے تحت انور عباس نے بطور ڈائریکٹر استعفیٰ دے دیا ہے اور ان کی جگہ آئی ٹی کے ماہر محمد عثمان صابر کو بورڈ میں شامل کیا گیا ہے۔
یاد رہے کہ 1987 میں قائم ہونے والی بلال فائبرز لمیٹڈ یارن کی تیاری اور فروخت کے شعبے میں سرگرم ہے۔ کمپنی ویونگ اور نٹنگ کے لیے پولی/کاٹن، پولی/وسکوز، سی وی سی، وسکوز، اور کاٹن یارن تیار کرتی ہے، اور اپنی مصنوعات کو یورپ، مشرقِ بعید، اور مشرقِ وسطیٰ سمیت کئی بین الاقوامی منڈیوں میں برآمد بھی کرتی ہے۔
Comments