بھارتی ڈرون حملوں کے خلاف پاکستان کی سول و عسکری قیادت کا بھرپور اور متحد ردعمل — ہر شہید کا بدلہ لینے اور دشمن کی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کے عزم کا اظہار۔
جمعرات کے روز وزیرِاعظم شہباز شریف کی زیر صدارت اعلیٰ سطح کا سیکیورٹی اجلاس ہوا، جس میں وفاقی وزرا، عسکری قیادت اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر نواز شریف نے شرکت کی۔
اجلاس میں سیکیورٹی حکام کی جانب سے بھارتی ڈرون حملوں کی حالیہ لہر اور پاکستان کی بھرپور جوابی کارروائیوں پر تفصیلی بریفنگ دی گئی، جس میں بتایا گیا کہ پاکستان نے 25 اسرائیلی ساختہ ہاروپ ڈرونز کو تباہ کیا۔
اجلاس میں بھارتی جارحیت کا تفصیل سے جائزہ لیا گیا، جب کہ انٹیلی جنس اور عسکری حکام نے آپریشنل تیاریوں اور اسٹریٹجک جوابی اقدامات پر اپ ڈیٹس پیش کیں۔
فورم نے فیصلہ کیا کہ بھارت کی مکارانہ حکمت عملی کا فیصلہ کن طاقت سے جواب دیا جائے گا اور وطن میں بہنے والے ہر قطرہ خون کا حساب لیا جائے گا۔
وزیرِاعظم شہباز شریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پوری قوم اپنی مسلح افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ انہوں نے کہا، ہمیں اپنی فوج پر فخر ہے اور ہم ہر ممکن صورتحال کے لیے تیار ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان نے بھارتی ڈرونز اور طیارے کامیابی سے مار گرائے۔ ہماری افواج دشمن کے عزائم ناکام بنانے کی مکمل صلاحیت رکھتی ہیں۔
امن کے ساتھ باوقار طریقے سے جینے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے وزیرِاعظم نے خبردار کیا کہ اگر پاکستان کے حقِ خودارادیت، علاقائی سالمیت یا قومی سلامتی پر حملہ کیا گیا تو اس کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔
پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر نواز شریف بھی سیکیورٹی سے متعلق اس اعلیٰ سطح اجلاس میں شرکت کے لیے وزیرِاعظم ہاؤس پہنچے۔
اجلاس کی صدارت وزیرِاعظم شہباز شریف نے کی جبکہ نواز شریف بھی شریک رہے، جب کہ ملکی سیکیورٹی صورتحال پر مشاورت کی گئی۔
اس اجلاس میں وفاقی وزرا اور اعلیٰ عسکری حکام بھی شریک ہوئے۔
Comments